Updated: August 05, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
اداکارہ اپنی پروڈکشن کمپنی پشنگ بٹنز اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی نئی نان فکشن سیریز ’’مسافری‘‘ کے ذریعے ہندوستانی تاریخ اور ثقافت کو ایک منفرد انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کرنے جا رہی ہیں۔ تاریخ سے ان کی گہری دلچسپی اور ہندوستانی تہذیب و ثقافتی ورثے سے محبت نے انہیں اس سیریز کی تخلیق پر آمادہ کیا۔
رِچا چڈھا۔ تصویر:آئی این این
اداکارہ اور پروڈیوسر رچا چڈھا اپنی پروڈکشن کمپنی پشنگ بٹنز اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی نئی نان فکشن سیریز ’’مسافری‘‘ کے ذریعے ہندوستانی تاریخ اور ثقافت کو ایک منفرد انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کرنے جا رہی ہیں۔ تاریخ سے ان کی گہری دلچسپی اور ہندوستانی تہذیب و ثقافتی ورثے سے محبت نے انہیں اس سیریز کی تخلیق پر آمادہ کیا، جس میں ملک کے تاریخی مقامات اور ان سے وابستہ کم معروف مگر دلچسپ کہانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:تیسرا دن گیند بازوں کے نام رہا، پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط
رچا چڈھا ہمیشہ سے ہندوستانی تاریخ کی مختلف پرتوں کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتی رہی ہیں۔ تاریخ کی تعلیم، برسوں کے مطالعے، مختلف علاقوں کے سفر اور گوناگوں پس منظر رکھنے والے لوگوں سے ملاقاتوں نے ’’مسافری‘‘ کے تصور کو جنم دیا۔ یہ سیریز تاریخ کو صرف سنین اور واقعات تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ ان لوگوں، روایات، فراموش شدہ قصوں اور ثقافتی ورثے کو بھی نمایاں کرے گی جنہوں نے بھارت کی شناخت تشکیل دی۔’’مسافری‘‘ ناظرین کو ہندوستان کے متعدد تاریخی اور ثقافتی اہمیت رکھنے والے مقامات کی سیر کرائے گی۔ مقامی لوگوں کی کہانیوں، دلکش سنیماٹوگرافی اور دلچسپ واقعات کے ذریعے ملک کے ثقافتی ورثے کو ایک نئے زاویے سے پیش کیا جائے گا۔ اس سیریز کا مقصد ہندوستان کے تنوع کا جشن منانا اور لوگوں کو ان مقامات اور کہانیوں سے دوبارہ جوڑنا ہے، جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا سنگِ میل عبور کر لیا
اپنے اس نئے منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے رچا چڈھا نے کہا’’بچپن سے ہی تاریخ میرا پسندیدہ مضمون رہا ہے کیونکہ میرا ہمیشہ یہ ماننا تھا کہ تاریخ ہمیں لوگوں، معاشرے اور آج کی دنیا کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ وقت کے ساتھ سفر، کتابوں کے مطالعے اور مختلف لوگوں سے ہونے والی گفتگو نے اس تجسس کو مزید گہرا کر دیا۔’’مسافری‘‘ اسی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔ میں ایسی سیریز بنانا چاہتی تھی جو صرف خوبصورت عمارتیں یا مقامات نہ دکھائے بلکہ ان کہانیوں، یادوں اور لوگوں کو بھی سامنے لائے جو ان جگہوں کو واقعی خاص بناتے ہیں۔ ہندوستان کا ثقافتی ورثہ بے حد وسیع اور مالا مال ہےاور یہاں بے شمار ایسی کہانیاں موجود ہیں جو صرف تاریخ کی کتابوں تک محدود نہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ سیریز لوگوں کو اپنی تہذیبی وراثت کو ایک نئے انداز سے دیکھنے اور اپنے ملک کو مزید گہرائی سے جاننے کی ترغیب دے گی۔ اگر کسی ایک قسط کو دیکھنے کے بعد ناظرین کے دل میں کسی تاریخی مقام یا اس کی کہانی کے بارے میں مزید جاننے کا شوق پیدا ہو جائے تو میں سمجھوں گی کہ ہمارا مقصد پورا ہو گیا۔‘‘ ’’مسافری‘‘کے ذریعے پشنگ بٹنز اسٹوڈیوز بامقصد اور دل کو چھو لینے والے مواد کی تخلیق کے اپنے سفر کو مزید آگے بڑھا رہا ہے۔ یہ سیریز ہندوستان کی تاریخ، ثقافت اور ورثے سے دلچسپی رکھنے والے ناظرین کے لیے ایک یادگار اور معلوماتی تجربہ ثابت ہونے کی امید رکھتی ہے۔