• Sun, 11 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیسرے ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں بھی رنوں کی بارش کی امید

Updated: October 11, 2026, 2:35 PM IST | Indor

آج اندور میں کھیلے جانے والے میچ کو جیت کر ہندوستان اور ویسٹ انڈیز سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گی، دونوں ہی ٹیموں کے گیندبازوں پر دباؤ رہےگا۔

West Indies players have arrived in Indore for the third T20 match. Photo: PTI
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی تیسرے ٹی۔ ۲۰؍میچ کےلئے اندور پہنچ گئے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک بلے بازوں کا غلبہ دیکھنے کو ملا ہے اور اتوار کو یہاں ہونے والے تیسرے ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ میں بھی اس کے برقرار رہنے کی پوری امید ہے جس سے گیند بازوں پر کافی دباؤ رہے گا۔ دونوں ٹیموں کی نظریں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں دوایک کی برتری حاصل کرنے پر ہوں گی۔ سیریز فی الحال ایک ایک سے برابر ہے اور اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیریز جیتنے سے صرف ایک فتح دور رہ جائیگی۔ ہندوستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج رانچی میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنا ہوگا جہاں اس کے گیندباز مضبوط اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔ 
اندور کا ہولکر اسٹیڈیم چھوٹی باؤنڈری اور سپاٹ پچ کیلئے جانا جاتا ہے۔ اس لئے اگر یہاں پھر سے رنوں کا انبار دیکھنے کو ملے تو کسی کو حیرت نہیں ہونی چاہیے۔ یقینی طور پر مقابلہ دونوں ٹیموں کے بلے بازوں کے درمیان ہوگا لیکن تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والی ٹیم ہی جیت حاصل کرے گی۔ بالخصوص فیلڈنگ میں اچھا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کا پلڑا بھاری رہے گا۔ دونوں ٹیموں نے ابھی تک اہم مواقع پر کچھ کیچ چھوڑے ہیں جو مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ 
ٹیم انڈیا کیلئے گیند بازی اب بھی تشویش کا موضوع بنی ہوئی ہے اور وہ اس میچ میں اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس میچ میں اوس بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ مینک نے پچھلے میچ میں ۳؍ وکٹ لے کر ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی تھی لیکن باقی گیند باز رنوں پر لگام نہیں لگاسکے اور ویسٹ انڈیز نے ابتدائی جھٹکوں کے باوجود زوردار واپسی کرکے ریکارڈ ہدف حاصل کر لیا۔ بلے بازی میں سنجو سیمسن نے ۴۱؍ گیندوں میں ۸۲؍ رن بنا کر پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ پھر سے پکی کر لی۔ اس کا مطلب ہے کہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کو پھر باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سنجو سیمسن نے اپنی بلے بازی سے ناقدین کو جواب دیا

دوسری جانب دوسرے ٹی۔ ۲۰؍میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنے والی پُراعتماد ویسٹ انڈیز کی بلے بازی کے سامنے ایک بار پھر ہندوستانی گیندبازوں کا امتحان ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے ۴۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۰۲؍ رن بنائے جبکہ شیرفین ردرفورڈ نے ۳۷؍ گیندوں پر ۸۴؍رنوں کی اننگز کھیلی اور میچ جیت لیا۔ مہمان ٹیم نے ہندوستان کے ۵؍ وکٹ پر ۲۴۹؍ رن کے اسکور کو شاندار انداز میں ۱۸ء۳؍ اوور میں حاصل کرلیا۔ ہدف کا تعاقب متاثر کن تھا لیکن جس انداز میں ویسٹ انڈیز نے اسے حاصل کیا وہ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کیلئےتشویش کا باعث ہوگا۔ 
ہندوستان کیلئے اتوار کا مقابلہ رانچی میں ملی شکست کا جواب دینے اور یہ ثابت کرنے کا موقع ہے کہ اس کا گیندبازی حملہ ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ کی جارحانہ ترین بلے بازی لائن اپ میں سے ایک کے خلاف مسلسل دباؤ برقرار رکھ سکتا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز اندور میں بھی اپنا اعتماد برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ دونوں ٹیمیں برابر کی سطح پر ہیں اور ایک دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ 
دوسرے ٹی۔ ۲۰؍میچ کے چند اعداد و شمار
ویسٹ انڈیز نے ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کا دوسرا سب سے بڑا رن چیز(۲۵۰؍رن) کامیابی کے ساتھ حاصل کیا۔ کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں سب سے بڑا رن چیز جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل کیا تھا، جب ٹیم نے ۲۵۹؍ رن بنا کر جیت درج کی تھی۔ ٹی۔ ۲۰؍ کرکٹ میں یہ محض ساتواں موقع ہے جب کسی مقابلے میں ۲۵۰؍یا اس سے زیادہ کا رن چیز کامیابی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ 
اس ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں چوکے اور چھکوں کی تعداد ۷۹؍ رہی۔ اس سے زیادہ باؤنڈریز جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ۲۰۲۳ءمیں کھیلے گئے مقابلے میں لگی تھیں، جہاں دونوں ٹیموں نے ملا کر کُل ۸۱؍ چوکےچھکے لگائے تھے۔ 
شریاس ایرکی کپتانی میں اس میچ سے قبل ہندوستان نے لگاتار ۱۰؍ میچ جیتے تھے۔ جولائی ۲۰۲۶ء سے شروع ہوا یہ سلسلہ ۹؍ اکتوبر کو ویسٹ انڈیز نے روک دیا۔ روہت شرما کے نام ٹی۔ ۲۰؍ میں کپتان کے طور پر لگاتار سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ روہت کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے نومبر ۲۰۱۹ء سے جولائی ۲۰۲۲ءتک لگاتار ۱۴؍ ٹی۔ ۲۰؍ مقابلے جیتے تھے۔ 
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے ۴۵؍گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ ونڈیز کےلئے یہ دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ ہوپ سے پہلے جانسن چارلس نے ۲۰۲۳ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۳۹؍گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ 
تلک ورما نے ٹی۔ ۲۰؍میں ۵؍ہزار رن مکمل کر لئے۔ ۴۰؍ سے زیادہ اوسط اور ۱۴۰سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کیساتھ۵؍ہزار رن بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK