Inquilab Logo

حیدرآباد اور ممبئی انڈینس آئی پی ایل میں پہلی کامیابی کے متلاشی

Updated: March 27, 2024, 10:38 AM IST | Agency | Hyderabad

آئی پی ایل کے نئے سیزن میں دونوں ٹیموں کو اپنے ابتدائی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حیدرآباد اپنے گھریلو میدان پر اچھا کھیلنا چاہے گا۔

Hyderabad captain Pat Cummins. Photo: INN
حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس۔ تصویر : آئی این این

ممبئی انڈینس اور سن رائزرس حیدرآباد کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے اپنے ابتدائی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بدھ کو جب یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی تو ان کا مقصد کامیابی حاصل کرکے کھاتہ کھولنا ہوگا۔ ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس کی شروعات معمول کے مطابق اچھی نہیں رہی۔ 
 گجرات ٹائٹنس کے خلاف میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہونے کے باوجود اسے آخر میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ تاہم اس میچ میں جسپریت بمراہ کی شاندار گیندبازی، ڈیولڈ بریوس کی شاندار اننگز اور ٹاپ آف آرڈر میں روہت شرما کی مفید شراکت ان کے لیے مثبت پہلو تھے۔ ایک وقت میں ممبئی کو۳۶؍ گیندوں پر۴۸؍ رن درکار تھے اور ۷؍ وکٹ باقی تھے لیکن وہ اسے حاصل نہ کرسکی جو ٹیم مینجمنٹ کے لئے تشویشناک بات ہوگی۔ 
 ہاردک پانڈیا جو پہلی بار ممبئی کی کپتانی کر رہے تھے، ساتویں نمبر پر بلے بازی کے لئے آئے لیکن ان کی حکمت عملی کام نہ آئی۔ انہیں اس پر دوبارہ غور کرنا پڑے گا کیونکہ انہوں نے پچھلے سال گجرات ٹائٹنس کے لیے کھیلتے ہوئے ٹاپ آرڈر پر اچھا اثر ڈالا تھا۔ اوپنر ایشان کشن صرف چار گیندوں کا سامنا کرنے میں کامیاب رہے اور اب ٹیم کو ان سے اچھے آغاز کی امید ہوگی۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہیں وکٹ کے آگے اور پیچھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کا دعویٰ مضبوط کرنا ہوگا۔ 
 اس کے ساتھ ہی ممبئی کو اسپنرس شمس ملانی اور پیوش چاؤلہ سے بھی اچھی کارکردگی کی امید ہوگی۔ جہاں تک سن رائزرس کا تعلق ہے، پیٹ کمنس کی قیادت والی ٹیم نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف گزشتہ میچ میں ایک بار ہینرک کلاسن کی شاندار اننگز سے جیت کی امیدیں جگائی تھیں، لیکن اس جنوبی افریقی بلے باز کو دیگر بلے بازوں کا خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ 
 مینک اگروال اور ابھیشیک شرما کی اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو اچھی شروعات دلائی تھی لیکن انہیں اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانا ہوگی۔ سن رائزرس نے پنچ ہٹر عبدالصمد پر کافی بھروسہ دکھایا ہے اور اب انہیں توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ بھونیشور کمار نے گیندبازی میں اچھی شروعات کی تھی لیکن بعد میں وہ آندرے رسل کے ہاتھوں بری طرح شکست کھا گئے۔ یہ تجربہ کار تیز گیند باز اچھی واپسی کیلئے بے چین ہوں گے۔ 
 خیال رہے کہ ممبئی انڈینس کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا پہلے میچ میں بہتر حکمت عملی نافذ کرنے میں ناکام رہے تھے جس کی وجہ سے ان کی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں وہ ایسی غلطی دُہرانا نہیں چاہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ روہت شرما کے ساتھ غلط رویہ پر ٹرول ہوئےتھے تو بدھ کے میچ میں بھی اس بات کا بھی خیال رکھیں گے کہ روہت شرما کے ساتھ عزت سے پیش آئیں۔ روہت نے پچھلے میچ میں اچھی بیٹنگ کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK