Inquilab Logo Happiest Places to Work

کردار میں ڈھلنے کے لیے ۱۰؍ ماہ تک ہاتھ میں کارڈز پکڑے رہا: وجے ورما

Updated: April 14, 2026, 12:01 PM IST | Mumbai

آج کے دور میں ویب سیریز اور فلموں میں کردار کو حقیقی دکھانے کے لیے اداکاروں کو کافی محنت کرنی پڑتی ہے۔ صرف ڈائیلاگ بولنا یا اسکرین پر نظر آنا کافی نہیں ہوتا بلکہ اس کردار کو جینا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی فنکار اپنے رول کے لیے مہینوں تک تیاری کرتے ہیں۔

Vijay Verma.Photo:INN
وجے ورما۔ تصویر:آئی این این

 آج کے دور میں ویب سیریز اور فلموں میں کردار کو حقیقی دکھانے کے لیے اداکاروں کو کافی محنت کرنی پڑتی ہے۔ صرف ڈائیلاگ بولنا یا اسکرین پر نظر آنا کافی نہیں ہوتا بلکہ اس کردار کو جینا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی فنکار اپنے رول کے لیے مہینوں تک تیاری کرتے ہیں۔ اسی سلسلے میں اداکار وجے ورما نے اپنی آنے والی سیریز ’’مٹکا کنگ‘‘ کے لیے جو محنت کی ہے، وہ اب موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
درحقیقت، اس سیریز میں وجے ورما کا کردار ممبئی میں ’’مٹکا‘‘ نامی جوا نیٹ ورک چلاتا ہے۔ یہ کردار مکمل طور پر فرضی ہے، لیکن اسے حقیقی دکھانے کے لیے انہوں نے سخت محنت کی۔ اپنے رول کو مؤثر بنانے کے لیے انہوں نے کارڈز کے ساتھ کھیلنے کا فن سیکھا، تاکہ اسکرین پر ان کی ہر حرکت قدرتی لگے۔
تشہیر کے دوران وجے ورما نے کہا’’میں نے کارڈز کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک پیشہ ور جادوگر کی مدد لی۔ اس جادوگر کو پروڈکشن ٹیم نے میرے گھر بھیجا، جہاں میں نے کئی سیشنز میں کارڈ پکڑنا، شفل کرنا اور مختلف ٹرکس سیکھیں۔ تقریباً ایک مہینے تک میں نے ۱۲؍ سے ۱۵؍ سیشنز کیے، جن میں مجھے یہ سمجھایا گیا کہ کارڈز کو کیسے استعمال کرنا ہے اور کیسے انہیں اپنے کردار کا حصہ بنانا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:شمشاد بیگم کی آواز کی کھنک آج بھی کانوں میں رس گھولتی ہے


وجے ورما نے کہاکہ ’’میرا مقصد صرف کارڈز چلانا سیکھنا نہیں تھا بلکہ میں چاہتا تھا کہ یہ میرے کردار کی پہچان بن جائے۔ ناظرین کو ایسا لگے جیسے کارڈز میری مہارت کا حصہ ہیں۔ اس تیاری کے دوران میں نے تکنیک سیکھی اور کارڈز کے ساتھ مانوس ہونا بھی سیکھا، جس سے میری اداکاری مزید مضبوط ہوئی۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’جب کوئی شخص کارڈز کے ساتھ کھیلتا ہے تو اس کی پوری توجہ اسی پر ہوتی ہے۔ ایسے میں ایک ساتھ ڈائیلاگ بولنا اور اداکاری کرنا میرے لیے کافی مشکل تھا۔‘‘ مثال دیتے ہوئے وجے ورما نے کہاکہ ’’ جیسے کوئی نیا موسیقی سیکھنے والے شخص کیلئے ایک ساتھ گانا اور ہارمونیم بجانا مشکل ہوتا ہے، ویسے ہی کارڈز کے ساتھ اداکاری کرنا بھی چیلنجنگ تھا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ایلون مسک کے بیان سے کووڈ ویکسین پر نئی بحث، ماہرین کا ردعمل


انہوں نے کہا’’میں نے اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کی۔ شوٹنگ کے دوران تقریباً ۱۰؍ ماہ تک میں نے اپنے ہاتھ میں ہمیشہ کارڈز رکھے۔ میں ہر روز اس پر کام کرتا تھا تاکہ ایک ساتھ کارڈز کھیلتے ہوئے اپنے ڈائیلاگ بھی صحیح طریقے سے ادا کر سکوں۔ اس محنت میں میرے ساتھ ہدایتکار ناگ راج منجولے بھی شامل تھے۔ ہم دونوں مل کر ہر دن یہ طے کرتے تھے کہ سین کو مزید بہتر کیسے بنایا جائے۔‘‘فلم ’’مٹکا کنگ‘‘ ۱۷؍ اپریل  ۲۰۲۶ءسے پرائم ویڈیو پر اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK