لارڈس کی کوئین کا خطاب پانے والی یاستکا بھاٹیا کا دل کو چھو لینے والا بیان۔
EPAPER
Updated: July 16, 2026, 10:07 AM IST | London
لارڈس کی کوئین کا خطاب پانے والی یاستکا بھاٹیا کا دل کو چھو لینے والا بیان۔
لارڈس کی۱۴۲؍ سالہ تاریخ میں کھیلے گئے پہلے خواتین ٹیسٹ میچ میںہندوستان کی تاریخی فتح کی ہیرو وکٹ کیپر بلے باز یاستکا بھاٹیا کیلئے سنچری صرف ایک ریکارڈ نہیں تھی بلکہ ان کے پورے خاندان کے برسوں پرانے خواب کی تعبیر تھی۔ ٹیم انڈیا کی دوسری اننگز میں ۱۵۸؍گیندوں پر ۱۱۳؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جب یاستکا نے اپنا بلّا بلند کر کے خوشی کا اظہار کیا تو ان کی نگاہوں میں اپنے والدین، بہن اورآنجہانی دادا کا چہرا گھوم گیا۔ میچ کے بعد یاستکا نے اپنے والد کو فون کر کے جذباتی انداز میں کہاکہ ’’پاپا! جب میں نے بلّا اٹھایا تو مجھے آپ دونوں، میری بہن اور دادا جی اظر آ رہے تھے۔ محسوس ہوا جیسے سب مجھے آشیرواد دے رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: لارڈز میں آخری ٹیسٹ کھیلنا یادگار لمحہ رہا: ہیدر نائٹ
یاستکا کے والد ہریش بھاٹیا نے بتایا کہ جب ان کی بیٹی ۹۱؍ رنز پر تھی اور لنچ کا وقفہ ہوا تو وہ سیدھے مندر پہنچ گئے تھے۔ وہاں انہوں نے صرف ایک ہی دعا کی کہ ’’بھگوان! آج میری بیٹی کی سنچری مکمل کروا دیجیے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ انجری سے واپسی کے بعد یہ سنچری یاستکا کے اعتماد کیلئے بے حد ضروری تھی۔ جب وہ ۹۹؍رنز پر پہنچیں تو پورے خاندان کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں اور جیسے ہی انہوں نے سنچری مکمل کی، گھر والوں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنے لگے۔
یاد رہے کہ یاستکا بھاٹیا نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز بڑودہ کے پولو گراؤنڈ میں واقع یوتھ سروس سینٹر سے کیا تھا۔ بہترین کارکردگی کی بدولت پہلے انہیں بڑودہ کی انڈر ۱۹؍ ٹیم میں جگہ ملی، پھر وہ سینئر ٹیم کا حصہ بنیں۔ ۲۰۲۱ء میں ان کا انتخاب ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم میں ہوا اور۲۰۲۲ء کے آسٹریلیا دورہ پر انہوں نے ٹیسٹ، یکروزہ اور ٹی ٹوینٹی ، تینوں فارمیٹس میں بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھئے: تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے انگلینڈ میں ریکارڈ قائم کیا
یاستکا روزانہ تقریباً تین گھنٹے بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کی مشق کرتی ہیں۔ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم میں بھی نمایاں رہیں۔ بارہویں جماعت (سائنس) میں انہوں نے ۹۰؍ فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ وہ اپنی فٹ نیس کیلئے گزشتہ دس برس سے چینی استعمال نہیں کرتیں، مٹھائی سے پرہیز کرتی ہیں اور اپنی غذا میں پھل اور خشک میوے شامل رکھنے کے ساتھ باقاعدگی سے جم اور دوڑ کی مشق کرتی ہیں۔ بچپن ہی سے مختلف کھیلوں میں گہری دلچسپی رکھنے والی یاستکا نے صرف چھ برس کی عمر میں کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنا شرو ع کردیا تھا ۔ہریش اور گریما بھاٹیا کی بیٹی یاستکا کی پیدائش بڑودہ میں ہوئی تھی۔