راجستھان میں کپڑوں کی خریداری بند ہونے سے کار خانہ داروں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، دام کو گرنے سے بچانے کیلئے بند کا فیصلہ۔
EPAPER
Updated: July 16, 2026, 10:53 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
راجستھان میں کپڑوں کی خریداری بند ہونے سے کار خانہ داروں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، دام کو گرنے سے بچانے کیلئے بند کا فیصلہ۔
اِس مرتبہ مالیگائوں کے پارچہ بافوں نے سیاسی دروازوںپرکوئی دستک نہیں دی بلکہ اپنی روزی روٹی بچانے کیلئے اپنی خود ہی کمرکس لی اوراپنے اتحادکا نظارہ بھی دِکھا دیا۔ پاپلین کپڑے تیار کرنے والے بُنکروں نے ۱۵؍ تا۱۹؍جولائی(۵؍ روز) کارخانے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو بند کا پہلا دن تھا۔ اس روز کام کاج پوری طرح بند رہا۔ امکان ہے کہ آنے والے دنوںمیںبھی بُنکربرادری کایہ اتحادپختگی کے ساتھ قائم رہےگا۔
یہ بھی پڑھئے: عمر خالد کو ہفتے میں دو بار اہل خانہ سے ویڈیو کال کی اجازت
بند کی وجہ کیا ہے؟
پاپلین کپڑوںکی خریداری کا بڑا مرکز راجستھان ہے۔وہاں کےبا لوترا اور اطراف کےعلاقوں میں پاپلین کپڑےخریدے جاتے ہیں۔ مالیگائوں سے بھی وہاں مال جاتا ہے لیکن فضائی اور آبی آلودگی کےسبب راجستھان حکومت نے کپڑے کے بلیچنگ اور ڈائنگ یونٹس پر قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔اس وجہ سے پاپلین کی خریداری ٹھپ پڑگئی۔ خریداری رُک جانے سے پاپلین کے پروڈکشن کوکنٹرول کرنانہایت ضروری تھا بصورتِ دیگر کپڑے کی افراط سےاُس کی قیمتیںنیچے آجاتی ہیں۔اس پس منظر میں مالیگاؤںمیںپاپلین کپڑے تیار کرنے والے کارخانے داروں نے پانچ دنوں کیلئے کارخانے بند رکھنے کے منصوبے پر عمل آوری شروع کی۔
بُنکروں کاموقف
اس ضمن میںگفتگوکرتے ہوئے امام بھائی نے کہا کہ ’’پاورلوم کارخانہ داروںکاکوئی پُرسانِ حال نہیں ہے۔اس صنعت سے کروڑوں روپے ٹیکس کی شکل میں سرکاری خزانے میںجاتے ہیں۔ مہاراشٹر حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی طرف سے اپنی آنکھیں موند رکھی ہیں۔‘‘ضیاء حکیم نے کہا کہ ’’پروڈکشن کنٹرول نہ کیا جائے تو اتنے بڑےپیمانےپر نقصان ہوگاجس کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔پاورلوم مالکان کو حکومت کا سپورٹ نہ ہونےسےبھی کئی ناگفتہ بہ مسائل سر اُٹھائے ہوئے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: گجرات: داڑھی رکھنا، برقع پہننا، بول چال میں عربی الفاظ اور اعتکاف ’بنیاد پرستی‘
بندمیں شامل بڑےگروپ
غیرسیاسی طورسےمتحدہوئے بُنکروں کے اس بند میںکئی بڑے گروپ شامل ہیں۔ان میں نو جیون ، جیون سونا،ہیرابی ایم،ہیرا ایچ ٹی، نیہا، ریلیکس ،گلوبل،ایورگرین،ریگل،اےبی فیبرک ، بادشاہ ، بلیو ڈائمنڈ، کنیادان،ایس ٹی فیبرک،ایس ٹی یارن ،جی ٹین،وِکرم کیسر،گرین ماربل،بی ایم ڈبلیو، گرین گارڈن،ون پلس،رضوان فیبرک ،آنر ٹیکسٹائل،شالیمارفیبرک، عزیز ڈیلکس ، ڈیئر فیبرک، موگرا فیبرک ،بلیو اسکائے ، شبھ لکشمی،ناولٹی ٹیکسٹائل ، مہاویر منیشا گروپ ،سپنافیبرکس وغیرہ شامل ہیں۔ امید ہے کہ اس بند سے بنکر کپڑوں کے دام کو گرنے سے بچالیں گے۔