Updated: November 13, 2025, 3:50 PM IST
|
Agency
| Dubai
وراٹ کوہلی نے بابراعظم کو پھر پیچھے چھوڑا،شبھ من گل چوتھی پوزیشن پر، ٹی ٹوینٹی میں بلے باز ابھیشیک شرما ٹاپ پر ،ٹی ٹوینٹی گیندبازوں میں ورون چکرورتی نمبروَن۔
ابھیشیک شرما۔ تصویر:آئی این این
وراٹ کوہلی نے آئی سی سی ون ڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بدھ کو۳۷؍سالہ وراٹ کوہلی۷۲۵؍رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔ بابر اعظم(۷۰۹؍ پوائنٹس) ۲؍ درجے تنزلی کے ساتھ۷؍ویں نمبر پر ہیں۔روہت شرما(۷۸۱؍ پوائنٹس) پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ کپتان شبھ من گل(۷۴۵؍ پوائنٹس) چوتھے نمبر پر ہیں، شریس ایر۹؍ ویں پوزیشن پر ہیں۔ مزید برآں، تلک ورما ٹی۲۰؍ بلے بازوں کی درجہ بندی میں۲؍ مقام گر کر۷۶۱؍ پوائنٹس کے ساتھ۵؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔ سری لنکا کے پاتھم نسانکا (۷۷۹؍پوائنٹس) تیسرے نمبر پر ہیں اور جوس بٹلر (۷۷۰؍ پوائنٹس) چوتھے نمبر پر ہیں۔جبکہ ہندوستان کے جارح بلے باز ابھیشیک شرما(۹۲۰؍ پوائنٹس)کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ سوریہ کمار یادو ۸؍ ویں نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ ٹی ٹوینٹی گیندبازوں کی فہرست میںورون چکرورتی نمبروَن پر ہیں۔ ان کے ۷۸۰؍ پوائنٹس ہیں۔
سلمان اور ابرار کریئر کی بہترین رینکنگ میں پہنچ گئے
پاکستان کے سلمان آغا اور اسپنر ابرار احمد نے ون ڈے میں کریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کر لی ہے۔ دونوں نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا فائدہ اٹھایا ہے۔سلمان نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ۸۷؍گیندوں پر ناقابل تسخیر۱۰۵؍ رن بنائے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف۶۹؍رن بنائے تھے۔ وہ رینکنگ میں۱۴؍ مقام آگے بڑھ کر بلے بازوں کی فہرست میں۱۶؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوینٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں گل کو۸؍ پوائنٹس کا اضافہ
شبھ من گل کو ٹی ٹوینٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں۸؍ مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ ۲۲؍ ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ گل نے آسٹریلیا کے خلاف۴۶؍ اور۲۹؍ ناٹ آؤٹ رن بنائے ۔ نیوزی لینڈ کے ٹم رابنسن۱۸؍ درجے ترقی کر کے ۲۳؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے روومین پاول۴؍ درجے فائدہ اٹھا کر۳۰؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جیکب ڈفی ٹی ٹوینٹی بولرز کی رینکنگ میں۸؍ درجے ترقی کر گئے
نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی گیندبازوں کی درجہ بندی میں ۶؍درجے اوپر آگئے ہیں اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ مچل سینٹنر پانچ مقام کے فائدہ کے ساتھ ۲۳؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔
ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیس۳۲؍ ویں نمبر پر ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ابرار احمد کے بالترتیب ۳؍۵۳ اور۴ ؍۲۷؍ کے اعداد و شمار نے انہیں گیندبازوں کی درجہ بندی میں۱۷؍ پائیدان چڑھا کر۲۰؍ ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ اب وہ پاکستان کےگیندباز شاہین شاہ آفریدی(۱۶؍ ویں مقام)سے صرف۴؍ مقام پیچھے ہیں۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم درجہ بندی میں نمبر۲ ؍ پر
انگلش ٹیم ٹیسٹ ٹیم درجہ بندی میںنمبر۲؍پر آگئی ہے۔ بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم نے عالمی چیمپئن جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آسٹریلیا اس فہرست میں نمبروَن پر ہے۔ کنگاروؤں کے ۱۲۴؍ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ انگلینڈ۱۱۲؍ اورجنوبی افریقہ۱۱۱؍کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ہندوستان ۱۰۸؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز۱۴؍نومبر سے ہونا ہے، پہلا میچ کولکاتا کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں اسپنرز اور فاسٹ بولرز دونوں ریورس سوئنگ سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس لیے جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز بھی ٹیم انڈیا کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔
آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھکا اعلان کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کیلئے ’پلیئر آف دی منتھ‘ کے نام کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ کے لیفٹ آرم اسپنر سینوران متھوسوامی کو اکتوبر۲۰۲۵ء کیلئے مینس پلیئر آف دی منتھ قرار دیا ہے۔متھوسوامی کے ساتھ پاکستان کے اسپنر نعمان علی اور افغانستان کے راشد خان نامزدگیوں میں شامل تھے، جنوبی افریقی کھلاڑی نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ ۳۱؍سالہ کھلاڑی نے اعزاز حاصل کرنے پر کہا کہ آئی سی سی کی طرف سے پلیئر آف دی منتھ قرار پانا ناقابل یقین محسوس ہوتا ہے، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارمنس کیلئے جس میں ہر کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کے لیے کھیلنا بہت فخر کی بات ہے، مجھے پاکستان میں ایسی مسابقتی سیریز کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا اور مجھے بال اور بیٹ دونوں کے ساتھ تعاون کرنے پر خوشی ہے۔ متھوسوامی نے کہا کہ میں ساتھی کھلاڑیوں کی حمایت پر شکر گزار ہوں۔