Inquilab Logo Happiest Places to Work

نشانہ بازی کے مقابلے میں ہندوستان نے دو طلائی سمیت سات تمغے اپنے نام کئے

Updated: September 27, 2023, 10:02 PM IST | Hangzhou

۱۹؍ویں ایشیائی کھیلوں کے چوتھے دن بدھ کو ہندوستان نے نشانہ بازی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ طلائی، ۳؍ چاندی اور ۲؍ کانسہ سمیت ۷؍ تمغے جیتے ہیں

Indian Women Shooter. Photo:INN
ہندوستانی خواتین نشانہ باز۔ (تصویر: آئی این این)

۱۹؍ویں ایشیائی کھیلوں کے چوتھے دن بدھ کو ہندوستان نے نشانہ بازی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ طلائی، ۳؍ چاندی اور ۲؍ کانسہ سمیت ۷؍ تمغے جیتے ہیں۔ منو بھاکر، ایشا سنگھ اور ریدم سانگوان نے خواتین کے ۲۵؍ میٹر پسٹل ٹیم ایونٹ میں پہلا طلائی تمغہ جیتا۔ اس کے بعد۵۰؍ میٹر رائفل تھری پوزیشنز خواتین کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کی صفت کور سامرا نے  دوسرا گولڈ میڈل دلایا۔ صفت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی مقابلے میں۴۶۹ء۶؍ پوائنٹس اسکور کرکے طلائی تمغہ جیتاجو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔صفت کور سامرا نیلنگ میں ۱۵۴ء۶؍ ، پروون میں۱۵۷ء۹؍اور اسٹینڈ ایلیمینیشن میں ۱۵۷ء۱؍ کا اسکور بناکر۵۰؍ میٹر رائفل تھری پی میں چین کی کیانگیو ژانگ کو۷ء۳؍ پوائنٹس کے آسان فرق سے  شکست دی۔
 کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ہندوستان کی آشی چوکسے چاندی کا تمغہ جیتنے کی دوڑ میں تھیں لیکن اپنے آخری شاٹ میں ان کا اسکور۸ء۹؍ سے کم ہونے کی وجہ سے کیانگیو ژانگ  نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا اور انہیں کانسہ کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔کوالیفائنگ راؤنڈ میں، صفت کورسامرا۵۹۴؍ (۲۸؍ضرب) کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ آشی چوکسے۵۹۰؍ (۲۴؍ضرب) کے ساتھ چھٹے اور مانینی کوشک۵۸۰؍ (۲۸؍ضرب) کے ساتھ۱۸؍ویں نمبر پر رہیں۔ہندوستان کی تینوں کھلاڑیوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں۱۷۶۴؍کے مجموعی اسکور کی بنیاد پر ٹیم کو چاندی کا تمغہ دلایا ۔ چین (۱۱۷۳) اور کوریا جمہوریہ (۱۷۵۶) نے بالترتیب سونے اور کانسہ کے تمغے جیتے۔منو بھاکر، ایشا سنگھ اورریدم سانگوان کی ہندوستانی خواتین کی۲۵؍ میٹر پسٹل ٹیم نے۱۷۵۹؍ کے اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ چین (۱۷۵۶) اور جنوبی کوریا (۱۷۴۲) نے بالترتیب چاندی اور کانسہ کے تمغے جیتے۔
منو بھاکر کوالیفائنگ راؤنڈ میں۵۹۰؍ (۲۸؍ـضرب) کے اسکور کے ساتھ سرفہرست رہی، جبکہ ایشا سنگھ ۵۸۶؍ (۱۷؍ضرب) کے اسکور کے ساتھ ۵؍ویں نمبر پر رہیں۔ ریدم سانگوان۵۸۳؍ (۲۳؍ضرب) کے ساتھ ۷؍ویں نمبر پر رہیں۔ واضح رہے کہ انفرادی ایونٹ میں کسی ملک کے صرف ۲؍ ہی نشانہ باز آخری ۸؍میں پہنچ سکتے ہیں، اس لئے  ریدم سانگوان جگہ  بنانے سے محروم رہ گئیں۔ایشا سنگھ نے اپنی ابتدائی سیریز میں صرف ۲/۵؍ اسکور کرنے کے باوجود فائنل میں چاندی کا تمغہ جیتا ۔ ایشا سنگھ نے کل ۳۴/۵۰؍ اسکور کیا۔ اس کے ساتھ ہی چین کے روئی لیو نے ایشین گیمز میں ۳۸/۵۰؍ کے ریکارڈ اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا جبکہ جنوبی کوریا کے جن یانگ نے۲۹/۴۵؍ کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔
منوبھاکر شاندار آغاز کے باوجود ۲۱/۳۵؍ کے مجموعی اسکور کے ساتھ ۵؍ویں نمبر پر رہیں۔ وہ ۷؍ویں سیریز کے اختتام پر باہر ہوگئیں۔ مردوں کی اسکیٹ میں اننت جیت سنگھ ناروکا نے۵۸/۶۰؍ کے شاندار اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ دو بار کے اولمپک کانسہ کا تمغہ جیتنے والے کویت کے عبداللہ  الرشیدی نے ہندوستانی شوٹر کو شکست دے کر ۶۰/۶۰؍ کا عالمی ریکارڈ برابر کیا۔ قطر کے ناصر العطیہ نے۴۶/۵۰؍کے اسکور کے ساتھ کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔مردوںکے ٹیم ایونٹ میں اننت جیت سنگھ ناروکا، گرجوت سنگھ کھنگورا اور انگد ویر سنگھ باجوہ نے ملک کر ۳۵۵؍ کے اسکور کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔ چین نے۳۶۲؍ پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل پر قبضہ کیا اور قطر نے۳۵۹؍ پوائنٹس کے ساتھ نقرئی  میڈل حاصل کیا۔اننتجیت سنگھ ناروکا و ۵؍ راؤنڈ میں۱۲۱؍ کے اسکور کے ساتھ کوالیفائنگ میں چوتھے نمبر پر رہنے کے بعد ۶؍ رکنی انفرادی فائنل میں پہنچنے والے واحد ہندوستانی تھے۔ گرجوت سنگھ کھنگورا اور انگد ویر سنگھ باجوہ نے۱۶؍ویں اور۱۷؍ویں پوزیشن کے لئے۱۱۷۔۱۱۷؍  پوائنٹس حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK