Updated: June 22, 2026, 12:27 PM IST
|
Agency
| New Delhi
انڈیا’ اے‘ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا’ اے‘ کو ۶۶؍ رنوں سے شکست دے کر سہ رخی سیریز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔
ویبھوسوریا ونشی۔ تصویر:آئی این این
ا فتتاحی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کی ۹۴؍رنوں کی جارحانہ اننگز کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا’ اے‘ کو ۶۶؍ رنوں سے شکست دے کر سہ رخی سیریز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ انڈیا’ اے‘ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵۰؍ اوور میں ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۷۷؍ رنوں کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا جس کے جواب میں سری لنکا ’اے‘ ٹیم۴۷ء۱؍ اوور میں ۳۱۱؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔
ہندوستانی اننگز میں سب سے نمایاں کارکردگی ویبھو سوریہ ونشی کی رہی، جنہوں نے محض ۲۹؍ گیندوں پر ۹۴؍ رنوں کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں ۱۰؍چوکے اور ۸؍ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف ۱۱؍ گیندوں پر نصف سنچری بنا کر لسٹ’ اے‘ کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ان کے علاوہ کپتان تلک ورما نے ۶۷؍ رنوں کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ رتوراج گائیکواڑ نے ۴۰؍ اور انوکول رائے نے ۳۹؍رن بنا کر ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ہندوستان کی اننگز کا آغاز نہایت جارحانہ انداز میں ہوا، جب سوریہ ونشی اور پریانش آریا نے پہلی وکٹ کیلئے صرف۸ء۵؍ اوور میں۱۳۲؍ رن جوڑ دئیے۔ تاہم بعد میں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں لیکن آخری اوورز میں انوکول کی تیز رفتار بلے بازی نے اسکور کو ۳۷۷؍ تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا’ اے‘ کی ٹیم مستقل دباؤ میں رہی۔ اگرچہ سدیرا سماراوکرما نے ۵۲؍ اور ونوجا سہان نے ۶۲؍ رن بنائے لیکن کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی طرف نہ لے جا سکا۔ابتدائی اوورز میں ہی سری لنکا کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لڑکھڑا گئی، جس کے بعد ہدف کا تعاقب کبھی بھی مکمل طور پر قابو میں نہ آ سکا اور ٹیم مقررہ ہدف سے کافی پیچھے رہ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے یش ٹھاکر اور وپرج نِگم نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ انوکول رائے کو۲؍ وکٹیں ملیں۔