Updated: June 22, 2026, 12:38 PM IST
|
Agency
| Mumbai
ہندوستان کے مایہ ناز جیولن تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا کو نئی دہلی میں منعقدہ انڈین ایتھلیٹکس ایوارڈز کی تقریب میں سال کا بہترین مرد ایتھلیٹ تسلیم کیا گیا ۔
نیرج چوپڑا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے مایہ ناز جیولن تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا کو نئی دہلی میں منعقدہ انڈین ایتھلیٹکس ایوارڈز کی تقریب میں سال کا بہترین مرد ایتھلیٹ تسلیم کیا گیا ۔ دوسری طرف، ۳؍ہزار میٹر اسٹیپل چیز میں نیشنل ریکارڈ ہولڈر پارُل چودھری کو سال کی بہترین خاتون ایتھلیٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔اس ہفتے کے آغاز میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے نیرج چوپڑا نے ایوارڈ لینے کے بعد کہا’’یہ ایوارڈ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ یہاں ایتھلیٹس کی پرانی اور نئی دونوں نسلیں موجود ہیں اور ان کے سامنے یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لئے انتہائی خوشی کی بات ہے۔‘‘
پارُل چودھری (بہترین خاتون ایتھلیٹ) نے گزشتہ سال ایشین چمپئن شپ میں۳؍ہزار میٹر اسٹیپل چیز اور ۵؍ہزارمیٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔ پارُل اس سال کے آخر میں ہونے والے ایشین گیمز میں خواتین کی ۵؍ہزار میٹر ریس میں اپنے خطاب کا دفاع کریں گی۔ ملک کی عظیم ایتھلیٹ اور انڈین اولمپک اسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
انہوں نے اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’’ مجھے اس ایوارڈ کی امید نہیں تھی کیونکہ میں نے اس کےلئے درخواست نہیں دی تھی۔ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا کا یہ ایک بہترین قدم ہے۔‘‘پی ٹی اوشا کے علاوہ سابق ایشین گیمز ڈیکاتھلون چمپئن گربچن سنگھ رندھاوا، سابق چیف کوچ بہادر سنگھ چوہان اور ورلڈ چمپئن شپ کی برونزمیڈلسٹ لانگ جمپر انجو بابی جارج کو بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے شروع کئے گئے ان ایوارڈز کے پہلے ایڈیشن میں کل ۱۰؍ کیٹیگریز شامل تھیں۔
فاتحین کی فہرست درج ذیل ہے
سال کے بہترین مرد ایتھلیٹ: نیرج چوپڑا۔سال کی بہترین خاتون ایتھلیٹ: پارُل چودھری۔سال کے بہترین ابھرتے ہوئے مرد ایتھلیٹ: شہنواز خان۔سال کی بہترین ابھرتی ہوئی خاتون ایتھلیٹ: پوجا۔سال کے بہترین کوچ: پرویر سنگھ۔لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ: پی ٹی اوشا، گربچن سنگھ رندھاوا، بہادر سنگھ چوہان، انجُو بابی جارج۔