• Wed, 19 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیا اے نے سیریز تو جیتا مگر آخری میچ جنوبی افریقہ اے کے نام

Updated: November 19, 2025, 7:03 PM IST | Rajkot

ریوَالڈو مُونسامی (۱۰۷؍رن) اور لُوان درے پریٹوریئس (۱۲۳؍رن) کی شاندار سنچریوں کے بعد این پیٹر (۴؍ وکٹ) اور ٹی موریکی (۳؍ وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت جنوبی افریقہ اے نے تیسرے غیر سرکاری ایک روزہ میچ میں انڈیا اے کو ۷۳؍ رنز سے ہرا دیا۔

South Africa Players.Photo:PTI
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی۔ تصویر:پی ٹی آئی

ریوَالڈو مُونسامی (۱۰۷؍رن) اور لُوان درے پریٹوریئس (۱۲۳؍رن) کی شاندار سنچریوں کے بعد این پیٹر (۴؍ وکٹ) اور ٹی موریکی (۳؍ وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت جنوبی افریقہ اے نے تیسرے غیر سرکاری ایک روزہ میچ میں  انڈیا اے کو ۷۳؍ رنز سے ہرا دیا۔ تاہم  انڈیا اے نے تین میچوں کی سیریز ۱۔۲؍ سے جیت لی۔ ریتوراج گائیکواڑ کو سیریز میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز اور لُوان-درے پریٹوریئس کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
 ۳۲۶؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا اے کے بلے باز جنوبی افریقی گیندبازوں کے سامنے جدوجہد کرتے رہے اور وقفے وقفے سے وکٹ گنواتے رہے۔ پوری ٹیم ۱ء۴۹؍ اوور میں ۲۵۲؍رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آیوش بدونی نے سب سے زیادہ ۶۶؍ رنز بنائے جبکہ ایشان کشن نے۵۷؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ ریتوراج گائیکواڑ ۲۵، مانَو سُتھار اور پرسِدھ کرشنا ۲۳۔۲۳؍رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان تلک ورما اور ابھیشیک شرما نے۱۱۔۱۱؍ رنز کا تعاون دیا۔
جنوبی افریقہ اے کی جانب سے این پیٹر نے ۴؍ اور ٹی موریکی نے ۳؍ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بیورن فورٹؤن نے ۲؍جبکہ ڈیلانو پوٹگیٹر نے ایک  وکٹ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھئے:اب آئی فون چوری ہونے یا کھو جانے پر بھی ایپل کیئر پلس کے تحت کوریج

اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ اے نے ریوَالڈو مُونسامی اور لُوان درے پریٹوریئس کی جوڑی کے ذریعے شاندار شروعات کی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے  ۲۴۱؍ رنز کی پارٹنرشپ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ۳۸؍ویں اوور میں پرسِدھ کرشنا نے مُونسامی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے  ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ مُونسامی نے ۱۳۰؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۷؍ رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹیکساس کے گورنر مسلم دشمنی کو ہوا دے رہے ہیں: امریکی مسلم شہری حقوق گروپ

اسی اوور میں پرسِدھ کرشنا نے پریٹوریئس کو بھی پویلین بھیج دیا۔ پریٹوریئس نے۹۸؍ گیندوں پر۹؍ چوکے اور۶؍  چھکے لگا کر۱۲۳؍ رنز جوڑے۔ اس کے بعد  ہندوستانی گیندبازوں نے افریقی مڈل آرڈر کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ سینیٹیمبا کیسھیلے (ایک )  اور روبن ہرمن (۱۱؍رن ) کو ہرشِیت رانا نے آؤٹ کیا۔ کپتان مارکس ایکر مین (۱۶؍رن) اور ڈِیان فاریسٹر (۲۰؍رن) خلیل احمد کا شکاربنے۔ ڈیلانو پوٹگیٹر۳۰؍رن  اور فورٹؤن ۲؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا اے کی جانب سے خلیل احمد، پرسِدھ کرشنا اور ہرشِیت رانا نے۲۔۲؍وکٹیں حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK