Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموں میں آج گھمسان

Updated: December 06, 2023, 11:23 AM IST | Agency | Mumbai

ہندوستانی ٹیم پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہے گی۔ ہندوستان کی ٹیم اگلے ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کی تیاری کا آغاز کریگی۔

Harmanpreet Kaur practicing batting. Photo: INN
ہرمن پریت کور بلے بازی کی مشق کررہی ہیں۔ تصویر : آئی این این

حالیہ دنوں کی اچھی کارکردگی سے متاثر ہوکر ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف دو طرفہ ریکارڈ کو بہتر بنانے کے ارادے سے بدھ سے شروع ہونے والی ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں اترے گی۔ 
ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ہندوستان نے ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے کے علاوہ ہندوستان نے بنگلہ دیش میں ۱۔۲؍ سے کامیابی حاصل کی اور جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں رسائی کی۔
 دوسری جانب عالمی نمبر۲؍ ٹیم انگلینڈ سری لنکا کے خلاف۱۔۲؍سے شکست بھول کر نئے سرے سے آغاز کرے گی۔ دنیا کی چوتھی نمبر کی ٹیم انڈیا کا انگلینڈ کے خلاف گھریلو ٹی۲۰؍ سیریز میں خراب ریکارڈ ہے۔ میزبان ٹیم اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کرے گی۔ انگلینڈ کے خلاف ۹؍ میچوں میں سے ہندوستان نے صرف ۲؍ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آخری جیت ۵؍ سال قبل مارچ ۲۰۱۸ءمیں ملی تھی جب انگلینڈ کو بریبورن اسٹیڈیم میں ۸؍ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔
 انگلینڈ کیخلاف اب تک ۲۷؍ میچوں میں سے ہندوستان نے صرف ۷؍ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے آخری بار گھر پر مارچ۲۰۲۱ء میں لکھنؤ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ۲۰؍ میچ جیتا تھا۔ اس کے بعد سے ہندوستان گھر پر ۴؍ میچ ہار چکا ہے اور ایک ٹائی ہوا ہے۔۵۰؍ گھریلو ٹی ۲۰؍ میچوں میں سے ہندوستان نے صرف ۱۹؍ جیتے ہیں ،۳۰؍ ہارے ہیں اور ایک ٹائی ہوا ہے۔
 گزشتہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور انگلینڈ دونوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اگلا ٹورنامنٹ ستمبر ۲۰۲۴ء میں ہونا ہے اور اس کی تیاری کا یہ سنہری موقع ہے۔ دپتی شرما نے ہندوستان کی جانب سے۱۶؍  میچوں میں ۱۹؍ وکٹ حاصل کئے ہیں جبکہ بلے بازی میں ہرمن پریت نے ۱۳؍ ٹی ۲۰؍ میں ۳۲۳؍ رن بنائے ہیں ۔ جمائمہ روڈریگز نے ۱۶؍ میچوں میں ۳۴۲؍ رن بنائے ہیں جبکہ اسمرتی مندھانا نے ۱۵؍میچوں میں سب سے زیادہ۳۶۹؍ رن بنائے ہیں ۔ہرمن پریت نے بگ بیش لیگ میں ۱۴؍ میچوں میں ۳۲۱؍ رن بنائے۔ ہندوستان نے ۳؍ نئے چہروں کو موقع دیا ہے، کرناٹک کے اسپنر شریانکا پاٹل، پنجاب کی اسپنر منت کشیپ اور بنگال کے اسپنر شائقہ اسحاق ۔ کشیپ اس سال کے شروع میں آئی سی سی انڈر۱۹؍ ویمنز ٹی۲۰؍ کپ میں ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ اسحاق نے افتتاحی ویمنز پریمیر لیگ میں ممبئی انڈینس کیلئے ۱۵؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔شریانکا نے رائل چیلنجرز بنگلور کے لئے ۹؍ وکٹ لئے اور ویمنز کیریبین پریمیر لیگ کھیلنے والی پہلی ہندوستانی بن گئیں ۔ انگلینڈ کے لئے نیٹ سکیور برنٹ نے ویمنز پریمیر لیگ میں ۳۳۲؍ رن دینے کے علاوہ ۱۰؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ۸؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں ۲۷۱؍ رن بنائے۔ ڈینی وائٹ نے۲۷۸؍ رن بنائے جبکہ سوفی ایکل اسٹون نے ۱۶؍ وکٹ لئے۔
  ہندوستان: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا، جمائمہ روڈریگیز، شیفالی ورما، دپتی شرما، یستیکا بھاٹیہ، رچا گھوش، امنجوت کور، شریانکا پاٹل، منت کشیپ، شائقہاسحاق، رینوکا سنگھ ٹھاکر، تیتاس سدھو، پوجا وسترکر .، مینو منی۔انگلینڈ: لارین بیل، مایا بوچیر، ایلس کیپسی، چارلی ڈین، صوفیہ ڈنکلے، سوفی ایکل اسٹون، ماہیکا گور، ڈینیئل گبسن، سارہ گلین، بیس ہیتھ، ایمی جونز، فرییا کیمپ، ہیدر نائٹ، نیٹ اسکوائر برنٹ، ڈینیئل وائٹ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK