دپیکا، رُتوجا اور نونیت کی ہیٹ ٹرک ، ہندوستان نے ایک کے مقابلے ۱۷؍گول سے میچ جیت لیا۔
EPAPER
Updated: September 22, 2026, 1:22 PM IST | Agency | Kakami Gahara
دپیکا، رُتوجا اور نونیت کی ہیٹ ٹرک ، ہندوستان نے ایک کے مقابلے ۱۷؍گول سے میچ جیت لیا۔
ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز میں ایک اور شاندار جارحانہ مظاہرہ کرتے ہوئے پیر کو اپنے پول’ بی‘ کےدوسرے میچ میں انڈونیشیا کو۱۷۔ایک سے شکست دے دی اور ۲؍ میچوں میں اپنے گولوں کی تعداد حیرت انگیز طور پر ۳۶؍ تک پہنچا دی۔ہندوستان کی فارورڈ لائن انڈونیشیا پر بھاری ثابت ہوئی، جس میں دپیکا سہراوت، رُتوجا پِسل اور نونیت کور نے ہیٹ ٹرک بنائی، جس سے ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار شروعات برقرار رکھی۔
دپیکا، جنہوں نے ابتدائی میچ میں ہندوستان کی ازبکستان کے خلاف ۱۹۔صفر کی جیت میں ۸؍گول کئے تھے، نے ٹورنامنٹ میں اپنے اسکور میں مزید ۳؍گول جوڑ دئیے۔
رُتوجا نے تینوں فیلڈ گول کئے جبکہ نونیت نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ہندوستان کے گول کرنے کا سلسلہ صرف ہیٹ ٹرک کرنے والی تینوں کھلاڑیوں تک محدود نہیں رہا۔ سُنیلیتا ٹوپّو اور لالریمسیامی ہامارزوٹے نے ۲۔۲؍گول کئے جبکہ ساکشی رانا نے بھی ۲؍ گول کا اضافہ کیا۔ کپتان سلیمہ ٹیٹے اور ایشیکا نے بھی ایک ایک گول کیا۔ انڈونیشیا صرف ایک گول کرسکا، جو اِنیس ادیتیا نے ۳۲؍ویں منٹ میں کیا۔
یہ بھی پڑھئے: سوچیکا تریال نے کانسے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی
ہندوستان کا اگلا مقابلہ بدھ کو تھائی لینڈ سے ہوگا۔ٹیم اپنا ناقابل شکست سلسلہ برقرار رکھنا چاہے گی اور ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے اپنی پوزیشن مضبوط کرنا چاہے گی۔
سویتا پونیا کا کارنامہ
گول کیپر سویتا پونیا ہندوستان کی سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی خاتون ہاکی کھلاڑی بن گئیں۔ انہوں نے ہندوستان کی سابق اسٹرائیکر وندنا کٹاریہ کے ۳۲۰؍ سینئر بین الاقوامی میچ کھیلنے کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔سویتا پونیا نے یہ حصولیابی انڈونیشیا کے خلاف۳۲۱؍واں میچ کھیل کر ہندوستان کیلئےنیا ریکارڈ قائم کیا۔
اوپن پلے میں شاٹ روکنے کی اپنی صلاحیت اور پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شاندار ریکارڈ کی وجہ سے ہاکی کی دنیا میں ’دی وال آف انڈیا‘ کے نام سے مشہور ۳۶؍سالہ سویتا نے ۲۰۰۹ء میں سینئر بین الاقوامی سطح پر قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد سے وہ۳؍ اولمپک، ۲؍ایشیائی کھیل مہم، کامن ویلتھ کھیل اور کئی ایشین چمپئن ٹرافی اور ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن میں مسلسل کھیلتی رہی ہیں۔