Inquilab Logo

ہندوستان نے آسٹریلیا کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دی

Updated: September 22, 2023, 10:03 PM IST | Mohali

شبھمن گل اور رتوراج گائیکواڑ کی نصف سنچری، محمد سمیع نے ۵؍وکٹ لئے۔ کے ایل راہل نے بھی اچھی بلے بازی کامظاہرہ کیا

Shubman Gill and Rituraj Gaikwad. Photo:PTI
شبھمن گل اور رتوراج گائیکواڑ۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

پنجاب کرکٹ اسوسی ایشن آئی ایس بندرا اسٹیڈیم، موہالی میں کھیلے جانےوالے پہلے ون ڈے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو۵؍ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍ اوورس میں تمام وکٹوں کے نقصان پر۲۷۶؍ رن ہی بنائے۔ جواب میں ہندوستان نے شبھمن گل، رتوراج گائیکواڑ، سوریہ کمار یادو اور کے ایل راہل کی نصف سنچریوں کی بدولت۴۸ء۴؍ اوورس میں ۵؍ وکٹوں پر۲۸۱؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے ۲، پیٹ کمنس اور شان ایبٹ نے۱۔۱؍ وکٹ حاصل کیا۔
 محمد سمیع (۵۱؍ رن پر ۵؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو یہاں پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو ۵۰؍ اوورس میں۲۷۶؍ رن پر سمیٹ دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ٹیم انڈیا نے اچھی شروعات کی اور شبھمن گل اور رتوراج گائیکواڑ کے درمیان ۱۴۲؍رن کی پارٹنرشپ ہوئی۔ گائیکواڑ نے ۷۱؍رن اور گل نے ۷۴؍رن بنائے تھے۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک ۳۶ء۳؍اوور میں ۴؍وکٹ پر ۲۰۳؍رن بنالئے تھے۔ آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں سمیع نے وقفے وقفے سے مہمان ٹیم کے  وکٹ حاصل کئے جس کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں مشیل مارش (۴) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا تاہم ڈیوڈ وارنر (۵۲؍رن) اور اسٹیو اسمتھ (۴۱؍رن) نے ۹۴؍رن کی شراکت کرکے اننگز کو سنبھالا۔ وارنر رویندر جڈیجا کی گیند پر لانگ آن پر کھڑے شبھمن گل کو کیچ تھما بیٹھے جس کے کچھ ہی دیر بعد سمیع نے اسمتھ کو دوسرے اینڈ پر کلین بولڈ کردیا۔ ایک طویل عرصے کے بعد ون ڈے میچ کھیلنےوالے روی چندرن اشون نے مارنس لبوشین (۳۹؍رن) کا وکٹ لیا جب ان کی للچاتی ہوئی گیند کو کریز سے باہر آکر کھیلنے کی کوشش میں لبوشین اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ جوش انگلس (۴۵؍رن) بمراہ کا شکار بنے۔
ہندوستانی ٹیم کے محمد سمیع نے موہالی گراؤنڈ پر۵؍ وکٹ لے کر آسٹریلیا کو۳۰۰؍رن کا ہندسہ عبور کرنے سے روک دیا۔ سمیع نے فلیٹ پچ پر شاندار بولنگ کی اور وقفے وقفے سے وکٹ حاصل کئے۔ محمد سمیع کے نام اب صرف۹۳؍ میچوں میں۱۶۹؍ وکٹ ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں اجیت آگرکر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ سمیع اب تک آسٹریلیا کے خلاف۲۳؍ میچوں میں۳۷؍ وکٹ لے چکے ہیں۔ آگرکر کے نام  ۳۶؍وکٹ کا ریکارڈ ہے۔آسٹریلیا کے خلاف موہالی گراؤنڈ میں کھیلے جانےوالے پہلے ون ڈے میں  فاسٹ بولر محمد سمیع  ۵؍ وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ سمیع نے پورے میچ میں آسٹریلوی بلے بازوں کو پریشان کیا۔ جب بھی وہ اسپیل باؤلنگ کرنے آئے، انہوں نے وکٹ لئے۔ تاہم محمد سمیع ۱۶؍ سال بعد ہوم گراؤنڈ پر۵؍ وکٹ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے ۲۰۰۷۱ میں ظہیر خان  نے مارگاؤں میں تیز گیندبازی کی حیثیت سے۴۲؍ رن کے عوض۵؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ وکٹ حاصل کئے۔۵؍وکٹ لینے کے بعد محمد سمیع نے کہا کہ میں آج بہت خوش ہوں۔ میں نے سراج کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا۔ آج صحیح جگہوں پر بولنگ کرنا اور ٹون سیٹ کرنا ضروری تھا۔ آج بہت گرمی تھی۔ وکٹ سے زیادہ کچھ نہیں ہو رہا تھا اس لئے واحد آپشن یہ تھا کہ اچھی لینتھ گیند کروں۔جب آپ کوشش کرتے ہیں اور وکٹ حاصل کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، یہ ٹیم اور آپ کے اعتماد کیلئے  اچھا ہے۔آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے سامنے اچھی کارکردگی اہم ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK