Inquilab Logo

ہندوستان نے شوٹ آؤٹ میں نیدرلینڈس کو شکست سے دوچار کردیا

Updated: February 13, 2024, 11:07 AM IST | Agency | Bhubaneswar

فل ٹائم تک میچ ۲۔۲؍گول سے برابر رہا۔ گول کیپر پی آر سریجیش نے اچھا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍گول بچائے۔

Photo of the match between India and Netherlands. Photo: INN
ہندوستان اور نیدرلینڈس کے درمیان میچ کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

گول کیپر پی آر سریجیش کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ۲۴۔ ۲۰۲۳ء کے اپنے دوسرے میچ میں دفاعی چمپئن نیدرلینڈس کے خلاف شوٹ آؤٹ میں ۲۔ ۴؍گول سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی۔ 
کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں سریجیش نے اتوار کو شوٹ آؤٹ میں ۲؍ شاندار دفاع کئے جبکہ ہرمن پریت سنگھ، سکھجیت سنگھ، للت اپادھیائے اور شمشیر سنگھ نے اپنے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کو بونس پوائنٹ دلانے میں میں مدد کی۔ ہندوستان کی جانب سے ہاردک سنگھ (۱۳؍منٹ) اور ہرمن پریت سنگھ (۵۸) نے ایک ایک گول کیا، جبکہ جپ جانسن (۳۰؍منٹ) اور کوئن بجین (۳۹؍منٹ ) نے ڈچ ٹیم کیلئے اسکور شیٹ میں جگہ بنائی، جو۲۔ ۲؍ سے ڈرا رہا۔ 
 عالمی نمبر ایک ٹیم نے تیزی سے برتری حاصل کی اور کھیل کے ابتدائی منٹوں میں ہندوستانی سرکل کے اندر حملہ کیا۔ انہوں نے نشانے پر کئی شاٹس لگائے، لیکن ہندوستانی گول کیپر کرشنا بی پاٹھک نے کھڑے ہوکر ڈچ ٹیم کو ابتدائی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔ دوسری جانب ہندوستان کو سنبھلنے میں کچھ وقت لگا۔ ہندوستان کو پہلا موقع۱۲؍ویں منٹ میں ملا جب انہیں لگاتار پنالٹی کارنر ملے، اس کے باوجود وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ 
اگلے منٹ میں ہندوستان نے اوپن پلے سے ہاردک کے ذریعے تعطل کو توڑا، جس سے ابتدائی کوارٹر کے اختتام پر ہندوستان کو۰۔ ۱؍ کو برتری حاصل ہوگئی۔ ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار آغاز کیا اور گیند پر قبضہ برقرار رکھا، لیکن زیادہ خطرہ پیدا نہ کرسکا۔ انہیں ایک بار پھر لگاتار پنالٹی کارنر ملے لیکن ڈچ نے میزبان ٹیم کی برتری دُگنی کرنے سے روک دیا۔ مہمان ٹیم کو ۲۵؍ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی تاہم، انہوں نے اسی حملے کے ارادے کو جاری رکھا اور پہلے ہاف کے آخری سیکنڈس میں انہیں ایک اور پنالٹی کارنرملا۔ جانسن نے کوئی غلطی نہیں کی اور گیند کو نچلے کونے میں مارا، جس سے ہاف ٹائم پر اسکور۱۔ ۱؍ گول ہوگیا۔ 
دوسرے ہاف کی شروعات آہستہ رہی، دونوں ٹیموں نے مڈ فیلڈ میں گیند کو احتیاط سے کنٹرول کیا اور زیادہ جگہ نہیں دی تاہم تیسرے کوارٹر کے آخری مرحلے میں نیدرلینڈس کو سافٹ پنالٹی کارنر ملا۔ پاٹھک نے جیسپر برنک مین کی ڈریگ فلک کو بچالیا، لیکن بیجن صحیح وقت پر صحیح جگہ پر تھے، انہوں نے ریباؤنڈ پر گیند کو گول میں ڈالا اور۳۹؍ویں منٹ میں ڈچ کو۱۔ ۲؍گول سے آگے کر دیا۔ 
 تیسرے کوارٹر میں ۳۰؍ سیکنڈ سے بھی کم وقت باقی تھا، نیدرلینڈس کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا، لیکن ہندوستان خطرے سے بچ گیا۔ فائنل کوارٹر کے دلچسپ آغاز میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے مواقع پیدا کئے۔ جہاں ڈچ پنالٹی کارنرس کو گول میں تبدیل کرنے سے محروم رہ گئے، وہیں ہندوستان نے اسٹرائیکنگ سرکل میں ہدف سے محروم ہوتا رہا۔ آخری ہوٹربجنے میں ۳؍ منٹ سے بھی کم وقت باقی تھا، ہندوستان نے اپنے گول کیپر کو ہٹا کر ایک اضافی آؤٹ فیلڈ کھلاڑی کو لگا دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ڈچ محافظ سے جان بوجھ کر دھکا دینے کیلئے ویڈیو ریفرل لیا اور انہیں پنالٹی کارنر سے نوازا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK