Updated: May 06, 2026, 5:01 PM IST
| Dubai
یکم مئی کو جاری ہونے والی آئی سی سی ٹیم رینکنگ کے سالانہ اپڈیٹ کے پہلے مرحلے میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے مردوں کی ٹیسٹ اور خواتین کی ون ڈے رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ تازہ اپڈیٹ میں اس نے خواتین کی ٹی۲۰؍ رینکنگ میں بھی سبقت برقرار رکھی ہے۔
ہندوستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس
یکم مئی کو جاری ہونے والی آئی سی سی ٹیم رینکنگ کے سالانہ اپڈیٹ کے پہلے مرحلے میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے مردوں کی ٹیسٹ اور خواتین کی ون ڈے رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ تازہ اپڈیٹ میں اس نے خواتین کی ٹی۲۰؍ رینکنگ میں بھی سبقت برقرار رکھی ہے۔
مردوں کی ٹی۲۰؍ رینکنگ میں تاہم ہندوستان کرکٹ ٹیم بدستور سرفہرست ہے۔ ہندوستان کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم اور آسٹریلیا کا نمبر آتا ہے۔ سالانہ اپڈیٹ میں مئی ۲۰۲۵ ءکے بعد کھیلے گئے میچوں کو مکمل جبکہ اس سے پہلے کے دو برسوں کے نتائج کو ۵۰؍ فیصد اہمیت دی گئی ہے۔ مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا ۱۳۱؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے، جبکہ موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم۱۱۹؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ ہندوستان ایک درجہ ترقی کر کے ۱۰۴؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے اور اس نے انگلینڈ (۱۰۲) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی سالانہ اپڈیٹ سے فائدہ ہوا ہے اور وہ ۸۹؍ پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا کرکٹ ٹیم (۸۶) سے آگے نکل گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے ٹاپ ۱۰؍ میں شامل ہیں جبکہ آئرلینڈ کرکٹ ٹیم مطلوبہ آٹھ ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کے باعث رینکنگ سے باہر ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سیامی کھیر آئی پی ایل کے لیے کھیل نقاد کا رول بھی ادا کررہی ہیں
خواتین کی ون ڈے رینکنگ میں بھی آسٹریلیا ۱۶۳؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ ۱۲۸؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود ہے۔ ہندوستان۱۲۶؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ساتواں مقام حاصل کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کا فائنل بنگلورو کے بجائے احمد آباد میں ہوگا
مردوں کی ٹی۲۰؍ رینکنگ میں سوریا کمار یادو کی قیادت میں ہندوستان ۲۷۵؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر قائم ہے۔ انگلینڈ ۲۶۲؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا ۲۵۸؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان نے ۲۰۲۳ء کے بعد سے اس فارمیٹ میں کوئی سیریز نہیں ہاری اور اس دوران دو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ اور ایک ایشیا کپ بھی جیتا ہے۔ٹی۲۰؍ رینکنگ میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز بالترتیب اگلے مقامات پر ہیں۔ بنگلہ دیش ایک درجہ ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ سری لنکا نویں مقام پر چلا گیا ہے۔ افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔ خواتین کی ٹی۲۰؍ رینکنگ میں بھی آسٹریلیا ۲۸۷؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ انگلینڈ اور ہندوستان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ کا سالانہ اپڈیٹ ۷؍مئی کو جاری کرے گی۔