• Thu, 11 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاپان کو ہراکر ہندوستان سیمی فائنل میں داخل

Updated: September 01, 2025, 12:44 PM IST | Agency | Rajgir

ایشیا کپ کے اپنے دوسرے مقابلے میں میز بان ٹیم نے۲؍کے مقابلے۳؍گول سے کامیابی حاصل کی،کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ۲؍گول کئے۔

Harmanpreet Singh (second from right) is congratulated by his teammates for scoring a goal. Photo: PTI
ہرمن پریت سنگھ (دائیں سے دوسرے) کو گول کرنے پر ساتھی کھلاڑی مبارکبادتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے اتوار کو ایشیا کپ ۲۰۲۵ءکے گروپ ’اے‘ کے دوسرے میچ میں جاپان کو ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی۔ ہندوستان کی یہ مسلسل دوسری جیت ہے اور ۲؍ میچوں میں ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ وہ پول’ اے‘ میں سرفہرست ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی اس نے ٹورنامنٹ کے سپر ۔۴؍مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
  آج یہاں اسپورٹس یونیورسٹی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مردوں کی ہاکی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہندوستان کے لئے مندیپ سنگھ (چوتھے منٹ میں)، ہرمن پریت سنگھ (۵؍ ویں اور ۴۶؍ویں منٹ میں) نے گول کئے۔ اس کے ساتھ ہی ۱۸؍ویں نمبر پر موجود جاپان کے لئے کوابے کوسی  نے ۲؍ گول (۳۸؍ویں اور ۵۹؍ویں منٹ) کئے۔ 
 یہ جیت خاص تھی کیونکہ سامنے جاپان جیسی مضبوط ٹیم تھی، جس نے پچھلے میچ میں قزاخستان کو۰۔۷؍سے شکست دی تھی۔
 گزشتہ میچ کے پلیئر آف دی میچ رہے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر ٹیم کیلئے اہم گول کئے۔ میدان میں چابکدستی دکھانے والے ابھیشیک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل ۱۵۰؍ واں میچ کھیلنے والے ہندوستان کے گول کیپر کرشن بی پاٹھک کو توانائی کے  وزیر وجیندر یادو اور دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے اعزاز سے نوازا۔
 اس میچ میںہندوستان کو ۴؍ اور جاپان کو ۹؍ پنالٹی کارنر ملے۔ ہندوستان نے ان میں سے ۲؍ کو گول میں بدلا جبکہ جاپان ایک بھی موقع کو نہیں بھنا سکا۔ ہندوستان نے میچ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور وہ پورے عرصے میچ پر حاوی رہا۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں ۲؍ گول کئے۔ میچ کے چوتھے منٹ میں مندیپ سنگھ نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد میزبان ٹیم نے لگاتار پنالٹی کارنر حاصل کئے۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنالٹی کارنر کو ڈریگ فلک کے ذریعے گول میں بدل دیا اور ہندوستان کی برتری کو دگنا کردیا۔
  اسی دوران جاپان کو بھی پنالٹی کارنر   ملا لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ دوسرا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے مواقع پیدا کئے تاہم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ 
 جاپان نے لگاتار ۳؍ پنالٹی کارنر حاصل کئے تھے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک ہندوستان نے اپنی دو صفرکی برتری برقرار رکھی۔ 
 تیسرے کوارٹر میں جاپان ایک گول کے ساتھ میچ میں واپس آیا۔ جاپان کی جانب سے کوابے کوسی نے ۳۸؍ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے اسکور  دو ایک کردیا۔ اس کوارٹر میں ہندوستان نے حملے جاری رکھے اور آخری لمحات میں اسے پنالٹی کارنر ملا۔ جسے ہرمن پریت سنگھ نے اپنی شاندار ڈریگ فلک سے گول میں بدل دیا۔
  چوتھے کوارٹر میں ہندوستان نے اپنا دفاع مضبوط رکھا۔ جاپان نے مسلسل مواقع پیدا کئےاور میچ ختم ہونے سے قبل کوابے نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر دیا۔ لیکن وہ میچ نہ جیت سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK