• Thu, 08 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے۲۰۳۶ء کے اولمپک کی میزبانی کیلئے وِژن پیش کیا

Updated: October 08, 2026, 12:46 PM IST | Agency | New Delhi

پی ٹی اوشا نے کہا کہ ۲۰۳۶ء کے کھیلوں کیلئے ہندوستان کے وژن کو آئی او سی سے ملنے والی شناخت باعث اعزاز ہے۔

Indian Olympic Association President PT Usha. Photo: INN
انڈین اولمپک اسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا۔ تصویر: آئی این این

انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے۲۰۳۶ء  اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی دوڑ میں شامل شہروں اور ممالک کے ناموں کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمدآباد کو مرکز میں رکھتے ہوئے ہندوستان کی میزبانی کی منصوبہ بندی گزشتہ۱۸؍ ماہ کے دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ساتھ مثبت اور تعمیری بات چیت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔ہندوستان کا وژن ’رائزنگ ٹوگیدر ‘کے تصور پر مبنی ہے کہ۲۰۳۶ء کےکھیلوں کے ذریعے ملک میں جاری تبدیلی اور اولمپک موومنٹ کے مستقبل کو ایک ساتھ آگے بڑھانے کا بڑا موقع ہوسکتا ہے۔ میزبانی کا مقصد کھیلوں کو روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بنانا، لاکھوں نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے حوصلہ دینا اور صحت مند و فعال طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آرکٹک اوپن: پی وی سندھو آسانی سے دوسرے راؤنڈ میں، اُنّتی اور اشمیتا باہر

آئی او اے کی صدر پی ٹی اوشا نے کہا ہے  کہ ۲۰۳۶ء کے کھیلوں کیلئے ہندوستان کے وژن کو آئی او سی سے ملنے والی شناخت باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ’ رائزنگ ٹوگیدر ‘محض نعرہ نہیں بلکہ ہندوستان کی توانائی، امنگ اور تنوع کو مشترکہ اولمپک خواب سے جوڑنے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسے کھیلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے جو نوجوان اور تیزی سے ترقی کرتے ملک کی عکاسی کریں اور اولمپک و پیرا اولمپک موومنٹ کو نئی نسلوں اور نئے معاشروں تک  پہنچانے میں مدد کریں  ۔ مرکزی وزیر محنت و روزگار اور نوجوان امور و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ ۲۰۳۶ء  کیلئے ہندوستان کا وژن اس خیال پر مبنی ہے کہ کھیل ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی لاکھوں نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے گی، صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مدد کرے گی اور نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور سماجی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

اور کون سے ممالک دعویدار ہیں ؟

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی(آئی اوسی) نے منگل کو کہا کہ ہندوستان ، جرمنی ، قطر اور ترکی سمیت  ۷؍ ممالک  نے ۲۰۳۶ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان تمام دلچسپی رکھنے والے ممالک کو نومبر میں فیوچر ہوسٹ کمیشن کے سامنے اپنا پروجیکٹ پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔  ان ممالک میں جرمنی، ہنگری، ہندوستان، قطر، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور ترکی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK