’’جلگاؤں کے بھنگار بازار کے ۱۱۷؍دکانداروں کو باعزت متبادل جگہ دیں اور ان کے نقصانات کی بھر پائی کریں۔‘‘
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 1:29 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
’’جلگاؤں کے بھنگار بازار کے ۱۱۷؍دکانداروں کو باعزت متبادل جگہ دیں اور ان کے نقصانات کی بھر پائی کریں۔‘‘
’’جن ہاتھوں نے برسوں تک روزگارپیدا کئے ان کے ہاتھوں سے روزی نہ چھینی جائے ،جن کے پسینے سے شہر کی ترقی میں حصہ رہا انھیں بے گھر کرنا انصاف نہیں۔ ‘‘ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)کے مہاراشٹر کے سیکریٹری شاکر شیخ اور ایکتا سنگٹھن کے کنوینر فاروق شیخ کی قیادت میں ایک وفد نےجلگاؤں شہر کے قدیم بھنگار بازار کے ۱۱۷؍دکانداروں کی باعزت بحالی، نقصانات کے معاوضے کے مطالبہ پر میونسپل کمشنر آدتیہ جیونے سے ملاقات کی ۔ وفد نے کمشنر آدتیہ جیونے کے ساتھ تقریباً ۳۵؍ منٹ تک تفصیلی بات چیت کی ۔ اس دوران بھنگار بازار کے ۱۱۷؍ دکاندا روں کی بحالی، کارروائی کے دوران ہوئے نقصانات کی تلافی اور محکمہ شہری ترقیات میں زیر التواء اپیل، جلگاؤں سیشن کورٹ میں زیر التواء دعوے اور اورنگ آباد ہائی کورٹ کے سامنے زیر التوا کیس کی صورتحال اور عدالتی احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کارروائی کے مطالبات کئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے:احتجاج کو روکنے کیلئے دہلی پولیس کی بسوں اور’ پی جی‘ پر نظر
میونسپل کمشنر نے مناسب کارروائی کا یقین دلایا
کمشنر آدتیہ جیونے نے وفد کی باتوں کو تفصیل سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ قانون کے مطابق مناسب کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ جو بھی ممکن ہو، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیاجائے گا ۔ وفد نے واضح طور پر کہا ’’ ۱۱۷؍ خاندانوں کا مسئلہ صرف دکانوں اور زمینوں کا نہیں ہے بلکہ ان کا ذریعہ معاش، ان کے بچوں کے مستقبل اور ان کی عزت و آبرو کا مسئلہ ہے۔انصاف کا راستہ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو،ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔‘‘ وفد میں جلگاؤں اے پی سی آر سے شاکر شیخ، ایڈوکیٹ حمزہ مرزا، ایڈوکیٹ کلیم الدین شیخ، عارف دیشمکھ اور ایڈوکیٹ ظفرمرزا شامل تھے، ان کے علاوہ وفد میں فاروق شیخ، انیس شاہ، حافظ رحیم پٹیل، نجم الدین شیخ، رزاق پٹیل، رحیم شیخ اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔