کپتان انمول ایکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۶؍ گول کیے۔
EPAPER
Updated: September 10, 2026, 12:12 PM IST | Agency | Moki (China)
کپتان انمول ایکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۶؍ گول کیے۔
دفاعی چمپئن ہندوستان نے جونیئر ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے پول اے کے آخری میچ میں بدھ کو چینی تائپے کو ۰-۱۵؍ سے روند کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ کپتان انمول ایکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۶؍ گول کئے جو تمام پنالٹی کارنر کے ذریعے آئے۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں کوئی گول نہیں کیا لیکن اس کے بعد باقی۴۵؍ منٹ میں مکمل طور پر حاوی رہا۔
پہلے کوارٹر میں چینی تائپے کے مضبوط دفاع نے ہندوستانی حملوں کو روکے رکھا، تاہم دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے رفتار تیز کردی۔ آریان زیس نے ۱۷؍ ویں منٹ میں ہندوستان کا کھاتہ کھولا، پربھ دیپ سنگھ نے ایک منٹ بعد برتری دگنی کی اور گرسِیوک سنگھ نے۲۲؍ویں منٹ میں تیسرا گول کیا۔ انمول ایکا نے ۲۵؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا، جبکہ ارجن سنتوش ہرگُڈے اور انمول نے مزید گول کرکے پہلے ہاف تک ہندوستان کو۰-۶؍کی برتری دلادی۔
یہ بھی پڑھئے:الامین جمال نے ۲۰؍ سال کی عمر سے پہلے تیسری بار بیلون ڈی اور نامزدگی حاصل کی
تیسرے کوارٹر میں بھی ہندوستان نے دباؤ برقرار رکھا ۔ انمول نے ۲؍ مزید پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پھر۴۵؍ ویں منٹ میں اپنا پانچواں گول کیا۔ اجیت یادو نے بھی گول کیا جس کے بعد تیسرے کوارٹر کے اختتام تک ہندوستان کی برتری۰-۱۰؍ ہوگئی۔ آخری کوارٹر میں ہندوستان نے کوئی نرمی نہیں دکھائی۔ ہرپال نے دو فیلڈ گول کئے جبکہ انمول نے ۵۱؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر اپنا چھٹا گول کرکے شاندار انفرادی کارکردگی مکمل کی۔ آریان زیس نے بھی مزید ۲؍ گول کیے اور ہندوستان نے ۰-۱۵؍کی یکطرفہ کامیابی حاصل کی۔پانچ بار کی چمپئن ہندوستانی ٹیم تین فتوحات اور ایک ڈرا کے ساتھ۱۰؍ پوائنٹس حاصل کرکے پول اے میں سرفہرست رہی۔ جنوبی کوریا نے جاپان کو۲-۳؍سے شکست دے کر ۹؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ جاپان، انڈونیشیا اور چینی تائپے خطاب کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں اور اب درجہ بندی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔