ٹیم انڈیانے ایجبسٹن ٹیسٹ ۳۳۷؍رن سے جیت لیا۔ سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کردی۔ آکاش دیپ نے دوسری اننگز میں اچھی گیندبازی کی۔
EPAPER
Updated: July 07, 2025, 1:01 PM IST | Agency | Birmingham
ٹیم انڈیانے ایجبسٹن ٹیسٹ ۳۳۷؍رن سے جیت لیا۔ سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کردی۔ آکاش دیپ نے دوسری اننگز میں اچھی گیندبازی کی۔
آکاش دیپ (۶؍ وکٹ) کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن اتوارکو انگلینڈ کو ۲۷۱؍رن پر آل آؤٹ کرکے میچ ۳۳۷؍ رن سے جیت لیا۔ہندوستانی ٹیم نے ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ۱۔۱؍ سے برابری حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل لیڈز میں ہندوستان کو شکست ملی تھی۔ خیال رہے کہ پہلی اننگز میں ہندوستان نے ۵۸۷؍رن بنائے تھے ، اس کے جواب میں انگلینڈ نے ۴۰۷؍رن بنائے۔ دوسری اننگز میں ہندوستان نے ۶؍وکٹ پر ۴۲۷؍رن بناکر اننگز ڈکلیئر کردی اور انگلینڈ کو ۶۰۸؍ رن کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز اتوار کو ۲۷۱؍رن پر سمٹ گئی اور ہندوستان نے میچ ۳۳۷؍رن سے جیت لیا۔
ہندوستان کی جانب سے آکاش دیپ نے اچھی گیندبازی کی اور ۶؍وکٹ لئے۔ یاد رہے کہ پہلی اننگز میں محمد سراج نے ۶؍وکٹ لئے تھے۔ اس میچ میں شبھمن گل ، محمد سراج اور آکاش دیپ نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے سنیچر کے ۳؍ وکٹ پر۷۲؍ رن سے آگے کھیل شروع کیا۔ انگلینڈ نے محض ۸؍ رن جوڑ کر اپنا چوتھا وکٹ اولی پوپ (۲۴؍رن) کی شکل میں گنوادیا ۔ اولی پوپ کو آکاش دیپ نے اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد انہوں نے ۲۲؍ویں اوور میں ہیری بروک (۲۳؍ رن) کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو ۵؍ویں کامیابی دلائی۔ٹیم انڈیا کو چھٹی کامیابی واشنگٹن سندر نے کپتان بین اسٹوکس (۳۳؍رن) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے دلائی۔ لنچ تک انگلینڈ نے ۶؍ وکٹ پر۱۵۳؍ رن بنا لئے تھے۔اس کے بعد جیمی اسمتھ نے اننگز کو سنبھالا اوربرائڈن کارس کے ساتھ اچھی بلے بازی کی۔ اس دوران کرس ووکس ۷؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آکاش دیپ نے واشنگٹن سندر کے ہاتھوں جیمی اسمتھ کو کیچ کروایا اور ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ جیمی نے آؤٹ ہونے سے قبل ۸۸؍رن بنائے تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی جیت کی امید بڑھ گئی۔ جوش ٹنگ بھی ۲؍ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب بشیر ۱۲؍رن بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ برائڈن کارس نے ۳۸؍رن کا تعاون کیا۔ آکاش دیپ نے ۶، محمد سراج ، پرسدھ کرشنا، رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی۔