Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان، تھائی لینڈ کے خلاف بڑی جیت کا خواہاں

Updated: August 30, 2026, 2:49 PM IST | Dubai

ویمنز ٹی۔ ۲۰؍ایشیا کپ میں آج سے ہرمن پریت کور کی قیادت میں ٹیم انڈیا اپنی مہم کا آغاز کرےگی، ٹیم سے آل راؤنڈ کارکردگی کی امید۔

Indian women`s team captain Harmanpreet Kaur will not let any opportunity to win against Thailand go to waste. Photo: INN
ہندوستان کی خاتون ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور تھائی لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں گی۔ تصویر: آئی این این

ایسے وقت میں جبکہ ٹیم کے فارم اور تسلسل پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم اتوار کو یہاں خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ایشیا کپ کے گروپ ’اے‘ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف بڑی جیت درج کرکے اپنی مہم کا شاندار آغاز کرنا چاہیں گی۔ گزشتہ ایک دہائی میں خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ایشیا کپ میں ہندوستان سب سے زیادہ غلبہ حاصل کرنے والی ٹیم رہی ہے۔ اس نے ۱۶۔ ۲۰۱۵ء سے اس ٹورنامنٹ کے ٹی۔ ۲۰؍ فارمیٹ کے ۵؍ ایڈیشن میں ۳؍ بار خطاب جیتا ہے لیکن حالیہ دنوں میں اس کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے۔ 
ہندوستان نے اس سال کھیلے گئے ۱۶؍ ٹی۔ ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں میں سے ۹؍ میچ ہارے ہیں۔ اسے آخری شکست حال ہی میں خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا سے ملی تھی۔ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ ایسے وقت میں جب کپتان ہرمن پریت کورکی خود کی فارم اور سب سے چھوٹے فارمیٹ میں ان کے مستقبل کے تعلق سے سوالات اٹھ رہے ہیں، تب ہندوستان ایشیا کے ۲؍اہم ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایشیا کپ کے فوراً بعد جاپان میں ایشیائی کھیل ہوں گے۔ ان دونوں مقابلوں میں ہندوستان خطاب کے مضبوط دعویدار کے طور پر شروعات کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: نیرج چوپڑا ٹخنے کی انجری کا شکار، سیزن کے بقیہ مقابلوں سے باہر

ہندوستان کو۸؍ ٹیموں والے خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ایشیا کپ میں تھائی لینڈ، ہانگ کانگ اور پاکستان کے ساتھ گروپ’ اے‘ میں رکھا گیا ہے۔ ہرمن پریت نے خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ تاہم ان کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی ہے جو ٹیم کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ ایشیا کپ اور ایشیائی کھیلوں کے لئے بھروسہ مند بلے باز جمائمہ روڈریگز کے باہر ہونے کے بعد ہندوستان نے اپنی ٹیم میں پرتیکا راول کو شامل کیا ہے لیکن ٹیم کو مڈل آرڈر میں جمائمہ کی کمی محسوس ہوگی۔ ہندوستان کے پاس اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کے طور پر مضبوط اوپننگ جوڑی ہے لیکن نمبر ۳؍ اور اس کے بعد کے بلے بازوں کیلئے سب سے بڑا چیلنج رن ریٹ کو برقرار رکھنا اور اسکور بورڈ کو رفتار دینا ہوگا۔ 
پچھلی بار جب ہندوستان اس فارمیٹ میں کھیلا تھا تو خراب فیلڈنگ ایک بڑا تشویش کا موضوع تھا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے کئی کیچ چھوڑے جو اس کی شکست کی بڑی وجہ بھی بنی۔ ہندوستان کو اگر ایشیا کپ اور ایشیائی کھیلوں میں اپنا دبدبہ برقرار رکھنا ہے تو اسے اپنی فیلڈنگ میں جلد از جلد سدھارکرنا ہوگا۔ گیندبازی میں ٹیم کی طرف سے اسپن اٹیک کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما کریں گی۔ اس شعبے میں ہندوستان کے پاس ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی شری چرنی، رادھا یادو اور پریما راوت شامل ہیں۔ ہندوستان کا تیز گیندبازی اٹیک بھی مضبوط نظر آ رہا ہے، جس میں تجربہ کار رینوکا سنگھ ٹھاکر کیساتھ کرانتی گوڑ، اروندھتی ریڈی اور نندنی شرما جیسی گیندباز شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK