بی سی سی آئی کی تیز گیندباز کو انگلینڈ روانہ کرنے کی تیاری۔
EPAPER
Updated: August 30, 2026, 2:58 PM IST | New Delhi
بی سی سی آئی کی تیز گیندباز کو انگلینڈ روانہ کرنے کی تیاری۔
نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے پیش نظر بی سی سی آئی نوجوان تیز گیند باز عاقب نبی کو انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع دلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بی سی سی آئی کچھ انگلش کاؤنٹی کلبوں کے رابطے میں ہے تاکہ عاقب نبی کو کاؤنٹی چمپئن شپ کے آخری دور میں ۲؍سے ۳؍ ریڈ بال میچ کھیلنے کا موقع مل سکے۔ واضح رہے کہ عاقب نبی نے پچھلے رنجی ٹرافی سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۶۰؍ وکٹیں حاصل کی تھیں اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز رہے تھے۔ تاہم، حال ہی میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انہیں پلئینگ الیون میں جگہ نہیں مل سکی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۱؍ سالہ شیخ رشید کو کوہلی اور روہت کے بعد نمبر۳؍ پوزیشن کیلئےتیار کیا جارہا ہے
نیوزی لینڈ دورے کی تیاری پرفوکس
بی سی سی آئی ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کا منصوبہ ہے کہ تیز گیند بازوں کو کافی ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے۔ اسی وجہ سے عاقب نبی کے لئے انگلینڈ میں کچھ کاؤنٹی میچوں کا انتظام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ذریعے کے مطابق’’بی سی سی آئی انگلینڈ میں عاقب کے لئے ۲؍ سے ۳؍ ریڈ بال میچوں کا انتظام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ ان کے لئے کافی مفید ہوگا۔ ‘‘اگرچہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے حالات میں فرق ہے لیکن نیوزی لینڈ کی سوئنگ اور سیم گیندبازی کے لحاظ سے انگلینڈ میں ریڈ بال کرکٹ کا تجربہ عاقب نبی کے لئے فائدہ مند مانا جا رہا ہے۔
سرے کے ساتھ معاہدے کا امکان
انگلینڈ کا معروف کلب سرے ایک سوئنگ گیند باز کی تلاش میں ہے۔ ایسے میں عاقب نبی کے اس کلب کےلئے کچھ میچ کھیلنے کا امکان بن رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے سابق کپتان اور سرے کے سربراہ الیک اسٹیورٹ بھی بی سی سی آئی سے وابستہ حکام کے ساتھ اس سلسلے میں بات چیت کر رہے ہیں۔ بی سی سی آئی فی الحال عاقب نبی کے یوکے ویزا کی کارروائی کو پورا کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ویزا ملنے کے بعد ان کے انگلینڈ روانہ ہونے کا امکان ہے۔