ایشیا کپ میں میزبان ٹیم کو ۵؍بار کی چمپئن ٹیم کےخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔دفاعی چمپئن ٹیم بھی میچ جیت کر اپنا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرےگی۔
EPAPER
Updated: September 03, 2025, 1:04 PM IST | Agency | Rajgir
ایشیا کپ میں میزبان ٹیم کو ۵؍بار کی چمپئن ٹیم کےخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔دفاعی چمپئن ٹیم بھی میچ جیت کر اپنا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرےگی۔
پول مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کے بعد پُراعتماد ہندوستانی ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ کے سپر ۔۴؍مرحلے کے میچ میں بدھ کو ۵؍ بار کی چمپئن اور خطاب کا دفاعی کرنے کیلئے آئی کوریائی ٹیم کے خلاف اپنے کھیل میں مزید بہتری لانی ہوگی۔
ہندوستانی ٹیم پول’ اے‘ میں اپنے تمام میچ جیت کر سپر ۔۴؍میں پہنچی ہے۔ اس نے چین کو ۳۔۴؍سے، جاپان کو ۲۔۳؍ سے اور قزاخستان کو ۱۵۔صفرسے شکست دی۔جیت کے باوجود ہندوستان کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی۔ چین اور جاپان کیخلاف اوسط کارکردگی کے بعد اس نے ٹورنامنٹ میں دوسری بار حصہ لینے والی قزاخستان کی ٹیم کیخلاف بڑی جیت حاصل کی۔
دوسری جانب کوریائی ٹیم بھی اپنی بہترین فارم میں نہیں ہے۔ وہ پول’ بی‘ میں ملائیشیا کے بعد دوسرے نمبر پر رہی اور ملائیشیا نے اسے چار ایک سے شکست دی تھی۔شدید گرمی اور نمی کے درمیان ٹیمیں جدوجہد کرتی نظر آئیں لیکن سپر ۔۴؍کے میچ شام کو ہوں گے جس سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
ہندوستان کے فارورڈ کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیر کو ہر شعبے میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا چاہے وہ گول کیپنگ ہو، دفاع، مڈفیلڈ یا حملہ۔ فارورڈ لائن کی کارکردگی قابل تعریف رہی، جس میں ابھیشیک نے ۴؍ گول کئے۔ سکھجیت سنگھ نے بھی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور ان کی ڈرِبلنگ اور ڈی کے اندر پُرسکون رویہ شاندار تھا۔ہندوستان کی فارورڈ لائن میں واحد کمزور کڑی دلپریت سنگھ رہے جنہوں نے گول تو کیا لیکن ایک آسان موقع گنوا بھی دیا۔ ابھی تک وہ ٹورنامنٹ میں جدوجہد کرتے نظر آئے ہیں اور اب انہیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانی ہوگی۔
ہندوستانی ٹیم کے کوچ کریگ فلٹن نے کہا ’’سپر ۔۴؍مرحلے سے پہلے اسٹرائیکرز کا فارم میں رہنا ضروری ہے۔‘‘من پریت سنگھ کی قیادت میں مڈفیلڈ کی کارکردگی بھی اچھی رہی ہے اور کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دفاع کی کمان بخوبی سنبھال رکھی ہے۔ پہلے ۲؍ میچوں میں اوسط کارکردگی کے بعد گول کیپر کرشن بہادر پاٹھک کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔
اصل ٹورنامنٹ اب شروع ہوا ہے
کوچ فلٹن نے تاہم کہا کہ اصل ٹورنامنٹ اب شروع ہوا ہے جس میں پچھلے نتائج کوئی معنی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا’’ہماری ٹیم پُراعتماد ہے۔ کھلاڑی فارم میں ہیں اور ہم یہی چاہتے ہیں۔‘‘قزاخستان کے خلاف ہرمن پریت، جگراج سنگھ، سنجے اور امیت روہیداس چاروں نے پنالٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کیا۔ جگراج نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔سپر ۔۴؍مرحلہ حالانکہ تمام ٹیموں (ہندوستان، کوریا، چین اور ملائیشیا) کے لئے ایک نئی شروعات ہوگی۔ تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلیں گی اور ٹاپ ۲؍ ٹیمیں اتوار کو فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ایشیا کپ خطاب جیتنے والی ٹیم کے پاس بلجیم اور ہالینڈ میں ۱۴؍ سے ۳۰؍ اگست تک ہونے والے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ بنانے کا موقع ہے۔ سپر ۔۴؍مرحلے کے دوسرے میچ میں ملائیشیا کا مقابلہ چین سے ہوگا۔