Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کا پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار

Updated: August 01, 2025, 7:03 PM IST | Agency | Birmingham

ڈبلیو سی ایل کے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رد، ہندوستانی کھلاڑیوں نے کھیلنے سے منع کردیا، پاکستان فائنل میں داخل

Fans were disappointed with the cancellation of the Indo-Pak cricket match. Photo: INN
ہند پاک کرکٹ میچ رد ہونے سے شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان نے آج (جمعرات کو) ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے سیمی فائنل میں اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔ ٹیم نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہمسایہ ملک کیساتھ کسی بھی دوطرفہ کھیلوں کے تعلقات کے خلاف ملک کے موقف کا حوالہ دیا۔ شکھر دھون، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ، یوراج سنگھ، سریش رائنا جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم پہلے ہی دہشت گردانہ حملے اور پھر ہندوستان کی طرف سے شروع کئے گئے آپریشن سیندور کے بعد پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کی خواہش ظاہر کر چکی ہے۔
ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے پہلے گروپ مرحلے کے میچ میں بھی اسی طرح کا موقف اپنایا تھا۔ آپریشن سیندور کے بعد اس میچ میں ٹیم انڈیا کے کئی سرفہرست سابق کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ ہندوستان کو جمعرات کو ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان سے کھیلنا تھا۔لیگ کے سرفہرست اسپانسر’ ایزمائی ٹرپ‘ نے ہند۔ پاک میچ پر اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کر دی ہے۔ اس ٹریول ٹیک کمپنی کے شریک بانی نشانت پٹی نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا کہ ’’ہم ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈز میں انڈیا چمپئنز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہیں۔ آپ نے ملک کو فخر سے سرشار کیا ہے۔ حالانکہ پاکستان کے خلاف آئندہ سیمی فائنل کوئی عام میچ نہیں ہے۔ دہشت گردی اور کرکٹ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’ایزمائی ٹرپ میں ہم ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم کسی ایسے ٹورنامنٹ کی حمایت نہیں کر سکتے جو دہشت گردی کو فروغ دینے والے ملک کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کرتا ہو۔ہندوستان کے لوگوں نے اس بارے میں بات کی ہے اور ہم نے ان کی بات سنی ہے۔ ایزمائی ٹرپ ڈبلیو سی ایل میں ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کیساتھ منسلک نہیں ہے۔‘‘ پٹی نے مزید کہا کہ ’’کچھ چیزیں کھیل سے بڑی ہیں۔ ملک سب سے پہلے، کاروبار ہمیشہ بعد میں۔‘‘
ڈبلیو سی ایل نے بیان جاری کیا
 وہیں ڈبلیو سی ایل نے بھی ایک بیان جاری کر کے میچ منسوخ ہونے کی تصدیق کی۔ منتظمین نے سیمی فائنل سے دستبردار ہونے کے ہندوستان کے فیصلے کا احترام کیا اور پاکستان کی کھیلنے کی خواہش کو بھی تسلیم کیا۔ منتظمین نے باضابطہ بیان میں بتایا کہ ہندوستان کے دستبردار ہونے سے پاکستان چمپئنز ٹیم فائنل میں پہنچ گیا ہے۔بیان میں کہا گیا’’ڈبلیو سی ایل میں ہم نے ہمیشہ کھیلوں کی طاقت پر یقین رکھا ہے جو دنیا کو متاثر کرتی ہے اور مثبت تبدیلی لاتی ہے۔ حالانکہ مداحوں کے جذبات کا ہمیشہ احترام کیا جانا چاہیے، آخرکار، ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ ہمارے ناظرین کیلئے ہے۔‘‘بیان میںمزید کہا گیا’’ہم ہندوستان چمپئنز کے سیمی فائنل سے دستبردار ہونے کے فیصلے  کا احترام کرتے ہیں اور ہم پاکستانی چمپئنز کے کھیلنے کا بھی اتنا ہی احترام کرتے ہیں۔ تمام وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK