• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کا لگاتار تیسری مرتبہ خطاب پر قبضہ

Updated: November 06, 2026, 3:17 PM IST | Agency | Chandigarh

ایشین چمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں میزبان ٹیم نے جاپان کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرادیا۔

Indian players congratulate each other after the victory. Photo: INN
ہندوستانی کھلاڑی فتح کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان نے جاپان کو فائنل میں ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دے کر لگاتار تیسری مرتبہ  ایشین چمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ ہندوستان نے چھٹی بار اس خطاب پر قبضہ جمایا ۔ جمعرات کو کھیلے گئے اس فیصلہ کن مقابلے میں جاپان نے تیسرے ہی منٹ میں کازوماسا ماتسو موتو کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی تھی لیکن ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کر لیا۔ 

ہندوستان کی جانب سے شیلانند لاکڑانے ۴۲؍ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کیا، جس کے بعد دلپریت سنگھ نے ۴۸؍ویں منٹ، جگراج سنگھ نے ۵۳؍ویں منٹ اور وویک ساگر پرساد نے ۵۴؍ویں منٹ میں شاندار گول داغ کر ہندوستان کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ اس سے قبل ایشیائی کھیلوں کی گولڈ میڈلسٹ ہندوستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے راؤنڈ رابن لیگ میچ میں بھی جاپان کو ۴۔ایک سے شکست دی تھی۔

ہندوستان نے اچھی شروعات کی تھی لیکن تیسرے ہی منٹ میں جاپان نے ماتسوموتو کے گول سے برتری حاصل کر لی۔ ماتسوموتو نے ٹوماہاک شاٹ کے ذریعے گول کر کے اولمپین بلبیر سنگھ اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو حیران کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے تیزی دکھائی اور کچھ مواقع بھی بنائے لیکن وہ انہیں گول میں بدلنے میں ناکام رہے۔ ۲۰؍ویں منٹ میں جاپان کو لگاتار ۲؍ پنالٹی کارنر ملے لیکن ہندوستانی دفاع نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی کپتان رائیکی فُجی شیما کو گول کرنے سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ نے مخالفین کو دشمنوں میں بدل دیا، ان کی بد زبانی شکست کا سبب: ایم جے اکبر

اپنا ۲۰۰؍ واں بین الاقوامی میچ کھیلنے والے نائب کپتان ہاردک سنگھ ہندوستان کے مڈفیلڈ میں اسٹار ثابت ہوئے۔ انہوں نے بہترین تال میل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی مواقع بنائے۔ دوسری طرف جرمین پریت سنگھ نے اپنے شاندار کھیل اور سخت محنت سے دفاع میں چٹان کی طرح مضبوطی برقرار رکھی۔ ایک صفرسے پچھڑنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے دوسرے ہاف میں زیادہ جارحانہ کھیل پیش کیا اور ۳۳؍ویں منٹ میں اپنا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ لیکن کپتان ہرمن پریت سنگھ کی فلِک کو جاپانی گول کیپر کشورو کورودا نے روک دیا۔جاپان کی ٹیم نے اپنا اچھا کھیل جاری رکھا اور ۳۹؍ویں منٹ میں اپنا دوسرا پینالٹی کارنر حاصل کیا لیکن شوتام یامادا کی کوشش سے کوئی گول نہ ہو سکا۔

ہندوستان نے جاپانی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا اور ۴۲؍ویں منٹ میں لگاتار ۲؍ پنالٹی کارنر حاصل کئے۔ آدتیہ ارجن لالگے کے پاس پر لاکڑا نے ری باؤنڈ سے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ ہندوستان نے آخری کوارٹر میں بھی اپنا دبدبہ بنائے رکھا اور ۴۸؍ویں منٹ میں ہاردک کے بہترین پاس پر دلپریت نے ریورس ہِٹ لگا کر ہوم ٹیم کو برتری دلوا دی۔

برتری حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا کھیل بالکل بدل گیا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں جگراج نے  ٹیم کے تیسرے پنالٹی کارنر کو درست طریقے سے گول میں بدل کر برتری کو مزید بڑھا دیا۔  اس کے بعد ہندوستان کو روکنا مشکل ہو گیا۔  لاکڑا کے ابتدائی شاٹ کو جاپانی گول کیپر نے روک لیا تھا لیکن اس کے بعد وویک نے سرکل کے اوپر سے ایک زوردار ہِٹ لگا کر گول کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے ٹھیک ۱۲؍سیکنڈ پہلے جاپان کو اپنا چوتھا پنالٹی کارنر ملا، لیکن کپتان فُجی شیما کا شاٹ باہر چلا گیا۔ اس طرح  ہندوستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا۔

 خطاب کی  ہیٹ ٹرک 
جاپان کے خلاف فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے اس  ٹورنامنٹ میں خطاب کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ ہندوستان  اس سے پہلے ۲۰۱۱ء، ۲۰۱۶ء، ۲۰۱۸ء، ۲۰۲۳ء اور ۲۰۲۴ءمیں بھی یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK