امیت شاہ نے راہل گاندھی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا: راہل وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے خط لکھیں،ہم دو دو ہاتھ کرنے کو تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: November 06, 2026, 3:34 PM IST | Agency | New Delhi
امیت شاہ نے راہل گاندھی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا: راہل وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے خط لکھیں،ہم دو دو ہاتھ کرنے کو تیار ہیں۔
ووٹ چوری کے معاملے پر حکمراں جماعت اور کانگریس میں زبانی جنگ اس حد تک پہنچ گئی کہ اب لیڈران ایک دوسرے کو کھلے عام بحث کا چیلنج دینے لگے ہیں۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے بار بار بی جے پی اور وزیر اعظم کو بحث کے چیلنج کے بعد اب بی جے پی نے بھی راہل گاندھی پر جو ابی حملہ کرتے ہوئے بحث کی دعوت دی ہے۔ ایک طرف راہل گاندھی اور دوسری جانب وزیرا عظم،امیت شاہ سمیت بی جے پی کے کئی سینئر لیڈران اس معاملے پر ایک دوسرے پر سخت حملے کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے راہل گاندھی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزیر اعظم کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کے لیے خط لکھیں اور ہم اسمبلی سے لے کر پارلیمنٹ تک اس معاملے پر بحث کرانے کو تیار ہیں۔ امیت شاہ نے اس دوران کانگریس پارٹی پر دراندازوں کا تحفظ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن کی ڈی جی ( آئی ٹی) سیما کھنہ کی ذمہ داری میں تبدیلی
راہل گاندھی کئی اسٹیج سے وزیر اعظم کو ووٹ چوری پر کھلا چیلنج دے چکے ہیں۔ انہوںنے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ ثابت کردیں گے کہ ان لوگوں نے ملک سے غداری کی اور ووٹ چوری کرکے حکومتیں بنائی ہیں۔ اب ووٹ چوری کے مسئلے پر وزیر داخلہ امیت شاہ نے کرنال میں ایک ریلی میں راہل گاندھی کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ راہل گاندھی وزیر اعظم کو مکتوب لکھ کر پارلیمنٹ کا خصوصی بلانے کا مطالبہ کریں، ہم اس مسئلے پر بحث کرانے کو تیار ہیں۔ ہم نے اس حوالے سے ملک بھر میں اجلاس منعقد کئے اور ان الزامات کا کرارا جواب دیا ہے۔ انھوںنے کہاکہ ملک نے نریندر مودی کو لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کیا ہے اور یہ ثبوت ہے کہ ہم نے کوئی ووٹ چوری نہیں کی۔ ہریانہ میں کانگریس واپسی کا دعوی کر رہی تھی لیکن وہاں بھی ان کی امیدیں ٹوٹ گئیں، یہاں بھی تیسری مرتبہ ہم نے حکومت بنائی۔ انہوںنے کہاکہ راہل گاندھی پارلیمنٹ نہیں چلنے دیتے اور نہ ہی مسائل پر بحث کرتے ہیں لیکن ہم اب پوری طرح سے بحث کیلئے تیار ہیں۔