Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیولن تھرو میں ہندوستانی ایتھلیٹ انو رانی نے پہلا مقام حاصل کیا

Updated: August 08, 2025, 11:42 AM IST | Agency | New Delhi

 ہندوستان کی قومی ریکارڈ یافتہ خاتون جیولن تھرو ایتھلیٹ انو رانی نے ایک سال سے زیادہ کے عرصے کے بعد پہلی مرتبہ ۶۰؍میٹر سے زیادہ دوری تک تھرو درج کرتے ہوئے، ۸؍ویں انٹرنیشنل ویزلاو مانیاک میموریل میٹ میں پہلا مقام حاصل کر لیا۔

Indian Athlete Annu Rani. Picture: INN
بھارتی ایتھلیٹ انو رانی۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان کی قومی ریکارڈ یافتہ خاتون جیولن تھرو ایتھلیٹ انو رانی نے ایک سال سے زیادہ کے عرصے کے بعد پہلی مرتبہ ۶۰؍میٹر سے زیادہ دوری تک تھرو درج کرتے ہوئے، ۸؍ویں انٹرنیشنل ویزلاو مانیاک میموریل میٹ میں پہلا مقام حاصل کر لیا۔ یہ مقابلہ پولینڈ کے شہر شیزچین میں منعقد ہوا اور یہ ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور برونز لیول میٹ کا ایک حصہ تھا۔ 
 انو رانی نے ۶۲ء۵۹؍میٹر کی دوری تک نیزہ پھینک کر اس سیزن کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جیولن تھرو کا یہ مقابلہ جیت لیا۔ انہوں نے یہ کامیابی اپنی دوسری کوشش میں حاصل کی۔ انہوں نے مقابلے کی شروعات ۶۰ء۹۵؍میٹر کی تھرو سے کی تھی اور چھٹی اور آخری کوشش میں بھی ۶۰ء۰۷؍میٹر کی تھرو کی۔ یہ کارکردگی قابلِ ذکر ہے کیونکہ مئی ۲۰۲۴ءکے بعد سے انو رانی ۶۰؍ میٹر کے ہندسے کو عبور نہیں کر پائی تھیں۔ اُس وقت انہوں نے جرمنی کے شہر آفنبُرگ میں ۶۰ء۶۸؍میٹر کی تھرو کے ساتھ چھٹا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ۵۹؍میٹر تک بھی نہیں پہنچ پائیں اور ۲۰۲۴ءکے پیرس اولمپک کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں ۵۵ء۸۱؍میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھیں۔ 
  اس سال ان کی بہترین کارکردگی مارچ میں ممبئی میں درج کی گئی تھی جب انہوں نے ۵۸ء۸۲؍میٹر کی دوری طے کی تھی۔ حالانکہ انورانی اب تک ستمبر میں ہونے والی ٹوکیو عالمی چمپئن شپ کے لئے براح راست کوالیفکیشن کی حد ۶۴؍میٹر کو پار نہیں کر سکی ہیں لیکن گزشتہ روز کی کارکردگی انہیں عالمی درجہ بندی کوٹے کے ذریعے انتخاب کے لئے مضبوط دعویدار بنا سکتی ہے۔ اب انو کا اگلا ہدف ۱۰؍ اگست کو بھونیشور میں ہونے والا ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور برونز لیول میٹ ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK