مین آف دی میچ دنوشا نے آخری صف کے بلے بازوں کے ساتھ شاندار سنچری بناتے ہوئے میچ ڈرا کرا لیا، دیوت پڈیکل کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 12:30 PM IST | Agency | Colombo
مین آف دی میچ دنوشا نے آخری صف کے بلے بازوں کے ساتھ شاندار سنچری بناتے ہوئے میچ ڈرا کرا لیا، دیوت پڈیکل کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کو جیتنے کیلئے ہندوستان کو آخری دن میزبان ٹیم کے ۴؍بلے بازوں کو اجلدی آؤٹ کرکے میچ جیتنے کی کوشش کرنی تھی۔ایسا لگ بھی رہا تھا کہ ٹیم انڈیا صبح کے سیشن میں جلد ہی سری لنکا کو آل آؤٹ کرکے ان سے ملنے والے چھوٹے ہدف کو آسانی سے حاصل کر لے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ہندوستانی ٹیم سارا دن گیندبازی کرنے کے باوجود مخالف ٹیم کو آل آؤٹ نہ کر سکی۔
سونال دنوشا کی ناٹ آوٹ ۱۳۳؍ رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن جمعرات کو ۹؍وکٹ پر ۴۲۹؍رن بناکر اننگز ڈکلیئر کردی اور ہندوستان کو فتح کےلئے چند اوور میں بڑے نشانہ حاصل کرنے کا چیلنج پیش کیا جو ناممکن تھا اور اسی وجہ سے آپسی صلاح مشورہ سے دونوں کپتانوں نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور اس طرح یہ میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ اس کے ساتھ ہندوستان نے ۲؍ میچوں کی سیریز ایک صفرسے اپنے نام کرلی۔
یہ بھی پڑھئے: نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد ۴۶۹؍ ہوگئی، ریسکیو ابھی تک جاری
چوتھے دن سری لنکا کو صرف ۱۶؍ رنوں کی برتری حاصل تھی اور اس کی ۴؍ وکٹیں باقی تھیں، لیکن سونال دنوشا کی قیادت میں ٹیم نے زبردست واپسی کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کی امیدیں ختم کردیں۔ ہندوستان کی جانب سے کسی ٹیم کو فالو آن کرانے کے بعد فتح حاصل نہ کرنے کا یہ پہلا موقع ہے، حالانکہ وہ اس سے قبل ۹؍بار حریف کو فالو آن کراچکا ہے۔
سری لنکا نے دن کا آغاز ۶؍ وکٹ پر ۲۲۹؍رنوں سے کیا۔ صبح کے سیشن میں ہندوستانی گیندباز ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے اور سری لنکا نے مزید ۱۰۰؍ رن جوڑ لئے۔ دنوشا نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ کیشرا نوانتھا بھی اچھی بلے بازی کررہے تھے۔ لنچ تک سری لنکا نے ۶؍ وکٹ پر ۳۲۹؍ رن بنائے تھے۔
لنچ کے بعد مانَو سُتھار نے کیشرا نوانتھا کو ۴۶؍ رنوں پر آؤٹ کیا، جبکہ رویندر جڈیجہ نے پربھات جے سوریہ کو ۲؍ رن پر پویلین بھیجا۔ بعد میں جڈیجہ نے لہیرو کمارا کو ۱۲؍ رن پر آؤٹ کر کے سری لنکا کی نویں وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد سری لنکا نے ۱۵۴؍ویں اوور میں ۹؍ وکٹ پر ۴۲۹؍ رنوںپر اننگز ڈکلیئر کردی اور میچ ڈرا ہوگیا۔
یہ بھی پڑھئے: نیپال میں۲۹۰؍ہندوستانی لاپتہ، ۸۴؍ کو بچایا گیا
سونال دنوشا ۱۳۳؍رن پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ اسیتھا فرنانڈو نے ۲۴؍ گیندیں کھیلیں لیکن کوئی رن نہیں بنایا۔ ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجہ اور مانَو سُتھار نے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور سارانش جین نے ایک ایک وکٹ لیا۔دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے سری لنکا کے نئے اسٹار بلے بازسونال دنوشا کو ان کی شاندار کارکردگی کیلئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں ۳۲۸؍رن بنانے والے ہندوستان کے دیودت پڈیکل کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز ملا۔
نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا
سری لنکا کے کپتان دھننجیا ڈی سلوا نے ہندوستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرکے انہیں اپنی صلاحیت دکھانے کے مواقع دینا فائدہ مند ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چند سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے سخت مقابلہ ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیو ں نے ہندوستان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ ڈرانے میں کامیابی حاصل کی۔