گل کی قیادت میں نوجوان ٹیم انڈیا کیلئے سب سے بڑا چیلنج تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ ہوں گے۔ ہندوستان کے سامنے ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔
EPAPER
Updated: June 19, 2025, 2:08 PM IST | Agency | London
گل کی قیادت میں نوجوان ٹیم انڈیا کیلئے سب سے بڑا چیلنج تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ ہوں گے۔ ہندوستان کے سامنے ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز جمعہ۲۰؍ جون سے شروع ہو رہی ہے۔ اس سیریز کے ذریعے یہ دونوں ٹیمیں اپنی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا اگلا سائیکل بھی شروع کریں گی۔ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد ٹیم انڈیا روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بغیر ٹیسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ اس بار آدھی ٹیم نوجوان ہے اور اس کی کمان بھی۲۵؍ سالہ شبھمن گل کے ہاتھ میں ہے۔ ایسے میں انگلینڈ کے حالات میں ہندوستانی ٹیم کے لیے چیلنج آسان نہیں ہونے والا ہے۔ ہندوستان کو سب سے بڑا خطرہ انگلینڈ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ سے ہے جو ہندوستان کے خلاف ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔ آئیے روٹ کے ٹیسٹ کے اعدادوشمار پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
ہندوستان کے خلاف روٹ کی کارکردگی کی بات کریں تو وہ ابتک ۳۰؍ ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جس کی ۵۵؍اننگز میں انہوں نے ۰۸ء۵۸؍ کے شاندار اوسط سے۲۸۴۶؍ رن بنائے ہیں۔ وہ ہندوستان کے خلاف۱۵۴؍ رن بناتے ہی اپنے۳؍ہزار رن مکمل کر لیں گے۔ اب تک وہ ٹیم انڈیا کے خلاف۱۰؍ سنچریاں اور۱۱؍ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔
غور طلب ہے کہ روٹ کے پاس اب تک ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں(۱۰)ہیں۔ اس معاملے میں دونوں ملکوں کے عظیم بلے باز راہل دراوڑ، سچن تینڈولکر اور السٹیئرکک بھی بہت پیچھے ہیں، جن کی صرف ۷۔۷؍ سنچریاں ہیں۔
جو روٹ نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک ۱۵۳؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے۲۷۹؍ اننگز میں۵۰ء۸۰؍کے اوسط سے مجموعی طور پر ۱۳۰۰۶؍ رن بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۳۶؍ سنچریاں اور۶۵؍ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور۲۶۲؍رن ہے۔
روٹ نے۷۰؍ میچوں میں انگلینڈ کی جیت میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان۷۰؍ میچوں کی۱۲۰؍ اننگز میں روٹ نے۶۴ء۱۲؍کے اوسط سے۶۹۹۹؍ رن بنائے ہیں۔ ان فتوحات میں ان کے بلے سے ۲۵؍سنچریاں اور۲۸؍ نصف سنچریاں بن چکی ہیں۔
لیڈزمیں پچ کیسی ہوگی، کیوریٹر نے راز ظاہر کردیا
لیڈز کے گراؤنڈ کے سربراہ رچرڈ رابنسن نے کہا ہے کہ یہاں غیر معمولی طور پر خشک موسم اور انگلینڈ کے جارحانہ کھیل کے انداز نے ہندوستان کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے `اچھی سطح کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ لیڈز عام طور پر سیریز کے وسط میں ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرتا ہے لیکن یہاں کے افتتاحی میچ نے کافی توجہ مبذول کروائی ہے۔ رابنسن نے کہاکہ `وہ (انگلینڈ) صرف ایک اچھی سطح چاہتے ہیں تاکہ ہم گیند کی لائن کو مار سکیں۔ رابنسن کو توقع ہے کہ پچ ابتدائی دن تیز گیند بازوں کی مدد کرے گی لیکن متوقع گرمی کی وجہ سے فلیٹ ہو جائے گی۔ پچ نہ صرف انگلینڈ کے بیز بال کے انداز کے مطابق ہوگی (ہر قیمت پر جارحانہ کھیلنا) بلکہ یہ ناتجربہ کار ہندوستانی بیٹنگ آرڈر کو میچ میں رہنے کا ایک بہتر موقع بھی فراہم کرے گی۔روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ریٹائرمنٹ کے بعد شبھمن گل کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم میں سب سے سینئر کھلاڑی ہوں گے جن کے پاس ایس ای این اے (جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) ممالک میں اپنے اوسط درجے کے ریکارڈ کو ثابت کرنے کے لیے بہت کچھ ہوگا۔ بیٹنگ آرڈر میں یشسوی جیسوال بھی شامل ہیں۔