اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین اورعالمی چمپئن نکہت زرین سمیت ۲۰؍ باکسروں پرمشتمل وفد لیورپول میں آج سے شروع ہونے والی چمپئن شپ کیلئےتیار۔
EPAPER
Updated: September 04, 2025, 12:59 PM IST | Agency | New Delhi
اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین اورعالمی چمپئن نکہت زرین سمیت ۲۰؍ باکسروں پرمشتمل وفد لیورپول میں آج سے شروع ہونے والی چمپئن شپ کیلئےتیار۔
اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین اور عالمی چمپئن نکہت زرین جیسی لیجنڈ باکسروں کی قیادت میں۲۰؍ہندوستانی باکسر لیورپول میں۴؍سے۱۴؍ستمبر تک ایم اینڈ ایس بینک ایرینا میں منعقد ہونے والی پہلی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ ۲۰۲۵ء میں دنیا کے کچھ سرکردہ باکسروں سے متعدد زمروں میں مقابلہ کریں گے ۔اس ایونٹ میں دنیا کے ۶۰؍ ممالک کےکم وبیش ۵۰۰؍ باکسر حصہ لے رہے ہیں۔ہندوستان اس سال کے شروع میں برازیل اور قزاقستان میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ میں ۱۷؍ تمغے جیتنے کے بعد ٹاپ فارم میں ہے۔
حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستان پورے دبدبے کے ساتھ ٹورنامنٹ میں داخل ہو رہا ہے۔ برازیل میں ہونے والے ورلڈ باکسنگ کپ میں، ہندوستانی دستے نے ۶؍ تمغے جیتے، جن میں ہتیش نے ایک طلائی اور ابھیناش جاموال نے ایک سلور میڈل جیتا، نیز چار کانسے کے تمغے بھی جیتے۔ یہ بین الاقوامی کامیابی قزاقستان میں ورلڈ باکسنگ کپ میں بھی جاری رہی، جہاں ہندوستان کی مستقل مزاجی اور گہرائی دونوں ہی نکھر کر سامنے آئی اور ٹیم نے تین طلائی سمیت مزید۱۱؍ تمغے جیتے۔ تمام زمروں میں کامیابی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ملک کی صلاحیت کا مظاہرہ اس وقت بھی ہوا جب نوپور شیوراں نے ہیوی ویٹ زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔
مردوں کی ٹیم کے کوچ دھرمیندر سنگھ یادو نے کہا ’’شیفیلڈ میں ہماری تیاریاں غیر معمولی رہی ہیں۔ یہ ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک طاقتور مرکب ہے جو پہلے بھی پوڈیم تک پہنچ چکے ہیں اور ناقابل یقین حد تک باصلاحیت نوجوان باکسرز کی ایک نئی لہر ہے جو اپنی شناخت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں اس گروپ پر پورا بھروسہ ہے، اور ہم عالمی چیمپیئن شپ میں ہر چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘‘عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے لیے ہندوستانی ٹیم اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین (۷۵؍کلوگرام) اور ۲؍ بار کی عالمی چیمپئن نکہت زرین (۵۱؍کلوگرام) کی موجودگی سے مضبوط ہوئی ہے، جو تجربے، تکنیکی مہارت اور عالمی تجربے کا ایک شاندار امتزاج لے کر آئی ہیں۔