• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فاسٹ بالر محمد سمیع کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، شائقین کا شکریہ ادا کیا

Updated: November 07, 2026, 2:09 PM IST | New Delhi

ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے ۳۶؍ سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم، وہ ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ۶۴؍ ٹیسٹ میچوں میں ۲۲۹؍ وکٹیں حاصل کرنے والے سمیع نے اپنے ٹیسٹ کریئر کو یادگار قرار دیتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔

Fast bowler Mohammad Shami. Photo: INN
تیزگیند باز محمد سمیع۔ تصویر: آئی این این

۳۶؍سالہ محمد سمیع نے ایک ویڈیو پوسٹ کر کے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے خلاف بنگال کیلئے ایک میچ ختم ہونے کے تقریباً۲۴؍ گھنٹے بعد، انہوں نے ریڈ بال کرکٹ (ٹیسٹ فارمیٹ) کو الوداع کہہ دیا۔ تاہم، وہ کھیل سے مکمل طور پر ریٹائر نہیں ہو رہے ہیں، سمیع نے واضح کیا کہ وہ۴۰؍ اوورز کی کرکٹ (ون ڈے) اور ٹی ۲۰؍ میچز کھیلنا جاری رکھیں گے۔ 
سمیع نے ہندوستان کیلئے۶۴؍ ٹیسٹ میچوں میں ۲۲۹؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ کافی عرصے سے قومی ٹیم سے باہر ہیں۔ ۲۰۲۵ء چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے انہوں نے ہندوستان کیلئے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ چوٹوں کی وجہ سے بھی انہیں طویل عرصے تک کھیل سے دور رہنا پڑا۔ بنگال کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بولنگ سے متاثر کیا، لیکن مسلسل اچھا مظاہرہ کرنے کے باوجود وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ دوبارہ نہیں بنا سکے۔ انہوں نے اس بات پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق چیئرمین اجیت اگرکر پر تنقید بھی کی۔

سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے محمد سمیع نے لکھا ’’میں بھلے ہی سفید جرسی کو الوداع کہہ رہا ہوں، لیکن اس سے جڑی یادوں کو کبھی الوداع نہیں کہہ سکتا۔ ‘‘ جب انہوں نے پہلی بار ہندوستانی ٹیسٹ جرسی پہنی تھی، تب ان کا بس ایک ہی خواب تھا: اپنے ملک کیلئے اپنا تعاون دینا۔ تب سے لے کر اب تک، حاصل کی گئی ہر وکٹ، جھیلے گئے ہر مشکل دور، ہر چوٹ اور ہر واپسی نے انہیں بہت کچھ سکھایا ہے۔ محمد سمیع نے کہا ’’میرے لئے ٹیسٹ کرکٹ صرف ایک فارمیٹ نہیں ہے، بلکہ یہ میری زندگی کا ایک بہت ہی خاص باب ہے۔ بھاری دل کے ساتھ، لیکن ان گنت خوبصورت یادوں کو ساتھ لے کر، میں ٹیسٹ کرکٹ سے سنیاس لینے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے اس طویل سفر میں ملنے والے تعاون کیلئے اپنے ساتھیوں، کوچز، خاندان اور ملک بھر کے کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے بی سی سی آئی اور کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان سبھی کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا، انہیں مواقع دئیے اور ان کے کرکٹ کریئر کو سنوارنے میں مدد کی۔ 
یاد رہے کہ سمیع نے ہندوستان کیلئے کئی یادگار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ ان کی بولنگ، خاص طور پر غیر ملکی سرزمین پر، ہندوستانی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم رہی ہے۔ انہوں نے بار بار چوٹوں سے ابھر کر میدان پر واپسی کر کے ایک مثال بھی قائم کی ہے۔ بھلے ہی انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی آخری گیند پھینک دی ہو، لیکن اس فاسٹ بولر نے کہا ہے کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا فخر ان کے دل میں زندگی بھر رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK