Updated: June 02, 2026, 2:35 PM IST
|
Agency
| Mumbai
ایشیا کپ انڈر۔۱۸؍ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے ایک کے مقابلے ۴؍گول سے کامیابی حاصل کی۔
ہاکی میچ۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کی انڈر۔ ۱۸؍ مردوں کی ہاکی ٹیم نے ایشیا کپ کے پول ’اے‘کے اپنے تیسرے میچ میں جنوبی کوریا کو چار ایک سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ہندوستان کی جانب سے کپتان کیتن کشواہا نے ۲؍ گول (تیسرے اور ۳۶؍ویں منٹ) اسکور کئے جبکہ وریندر سنگھ نے پانچویں اور شاہ رخ علی نے ۵۴؍ویں منٹ میں ایک۔ ایک گول کیا۔ جنوبی کوریا کیلئے واحد گول کپتان یون جیہیوک نے ۲۱؍ویں منٹ میں کیا۔
میچ کے آغاز سے ہی ہندوستانی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور تیسرے منٹ میں حاصل ہونے والے پہلے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر کے برتری حاصل کر لی۔ راہل یادوکے پاس پر کیتن کشواہا کا ابتدائی شاٹ اگرچہ کورین گول کیپر نے روک لیا تاہم ریباؤنڈ پر انہوں نے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ہندوستان نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے پانچویں منٹ میں دوسرا گول بھی کر دیا۔ غازی خان کی عمدہ معاونت پر وریندر سنگھ نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا۔دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے سخت مقابلہ کیا، تاہم ۲۱؍ویں منٹ میں کوریا کو ملنے والے پنالٹی کارنر پر یون جیہیوک نے گول کر کے خسارہ کم کر دیا اور وقفے تک اسکور دوایک رہا۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستان نے دوبارہ حملہ آور کھیل پیش کیا اور ۳۶؍ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کیتن کشواہا نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا۔ کوارٹر کے اختتام پر دونوں ٹیموں کو پنالٹی کارنرز ملے لیکن کوئی بھی ٹیم انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکی۔
میچ کے ۵۳؍ویں منٹ میں کوریا گول کرنے کے مواقع پیدا کرنے کے قریب پہنچ گیا تھا جب کم ڈیون نے گیند کو گول کی جانب موڑا مگر ہندوستانی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے خطرہ ٹال دیا۔اس کے فوراً بعد ۵۴؍ویں منٹ میں شاہ رخ علی نے طاقتور شاٹ کے ذریعے ہندوستان کا چوتھا گول کر کے میچ کا فیصلہ کر دیا اور ٹیم کی کامیابی یقینی بنا دی۔اس فتح کے بعد ہندوستان، کوریا اور میزبان جاپان کے ساتھ ۶۔۶؍ پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں پول سے سرفہرست ۲۔۲؍ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ہندوستان اپنا آخری پول’ اے‘ میچ ۳؍جون کو چینی تائپے کے خلاف کھیلے گا، جہاں سیمی فائنل میں رسائی کیلئے کامیابی حاصل کرنا اس کا ہدف ہوگا۔