Inquilab Logo

ہندوستانی ہاکی ٹیم نیدرلینڈس سے ٹکرانے کیلئے تیار

Updated: February 21, 2024, 11:01 AM IST | Agency | Rourkela

گزشتہ ۲؍مقابلوں میں نیدرلینڈس کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم جوش و خروش کے ساتھ میدان پر اترے گی۔

Indian hockey team will enter the competition full of confidence after 2 consecutive wins against Netherlands. Photo: INN
ہندوستانی ہاکی ٹیم نیدر لینڈس کے خلاف مسلسل۲؍جیت کے بعد پُر اعتماد طریقے سے مقابلے میں اترے گی۔ تصویر : آئی این این

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ ۲۴۔ ۲۰۲۳ء کے بھونیشور لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم بدھ کو یہاں نیدر لینڈس کے خلاف بلند حوصلے کے ساتھ جیت کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ہندوستان نے بھونیشور میں اسپین کے خلاف ایک کے مقابلے ۴؍ گول سےشاندار جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد عالمی درجہ بندی میں ٹاپ ٹیم نیدرلینڈس کے خلاف شوٹ آؤٹ میں سنسنی خیز مقابلے میں ۲۔ ۲؍سے برابری کے بعد شوٹ آؤٹ میں ۲۔ ۴؍ جیت حاصل کی تھی۔ حالانکہ اس کے بعد ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف ۴۔ ۶؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس نے آئرلینڈ کے خلاف ایک صفر کی جیت کے ساتھ واپسی کرتے ہوئے بھونیشور اسٹیج کا اختتام شاندار طریقے سے کیا۔ 
رورکیلا مرحلے میں آگے بڑھتے ہوئے، ہندوستان نے ایک قریبی مقابلے میں اسپین کے خلاف مقابلہ ۲۔ ۲؍سے برابری پر ختم ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۷۔ ۸؍ سے کامیابی حاصل تھی۔ برسا منڈا ہاکی اسٹیڈیم میں پرو لیگ کے ریورس لیگ میں ہندوستان اپنے اگلے میچ میں نیدرلینڈس سے ٹکرانے کے لئے تیار ہے۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اپنے پچھلے ۲؍مقابلوں میں نیدرلینڈس کے خلاف فاتح رہی ہے۔ ہندوستان کی پچھلی جیت ۱۱؍فروری کو بھونیشور لیگ کے دوران ہوئی تھی۔ اس میچ میں دو ایک سے پیچھے رہنے کے باوجود، ہندوستانی ٹیم نے واپسی کرتے ہوئے اسکور برابر کیا اور آخر کار شوٹ آؤٹ میں ۲۔ ۴؍ سے جیت حاصل کی تھی۔ نیدر لینڈس کے خلاف ہندوستانی ہاکی ٹیم اپنی فتوحات کے سلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرےگی۔ 
  ہندوستانی ہاکی ٹیم نے بھلے ہی نیدر لینڈس کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہوں لیکن ٹیم کی کارکردگی پر ہندوستانی ٹیم کے مڈفیلڈر ہاردک سنگھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ میچ کے پہلے ہاف میں ہماری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی لیکن ہم نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کی اور کھیل کو شوٹ آؤٹ میں دھکیل دیا۔ ہم اس وقت سے اپنے امکانات کے بارے میں پُراعتماد تھے، خاص طور پر اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ ہمارے پاس واقعی اچھے گول کیپر ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ہم بیک ٹو بیک ایونٹس میں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس سے کھلاڑیوں میں اعتماد بہت زیادہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم ٹورنامنٹ میں اس رفتار کو برقرار رکھیں گے۔ ہماری توجہ ہمیشہ اپنے کھیل پر مرکوز رہتی ہے اور ہم یہ نہیں دیکھتے کہ مخالف ٹیم کمزور ہے یا طاقتور۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK