Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز ڈرا کروانے کے لئے پُرعزم

Updated: July 31, 2025, 12:42 PM IST | Agency | London

آج سے ۵؍ویں اور آخری ٹیسٹ کا آغاز۔ ٹیم انڈیا بمراہ کی غیرموجودگی میں کھیلے گی۔ آخری ٹیسٹ جیت کر ہندوستان سیریز میں ۲۔۲؍ سے برابری کرلے گا

Shubman Gill. Picture: INN
شبھمن گل۔ تصویر: آئی این این

چوتھا ٹیسٹ  ڈرا کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ سیریز برابر کرنے کے ہدف کے ساتھ میدان پر اترے گی   تاہم تیز گیند باز جسپریت بمراہ آخری ٹیسٹ میچ میں نہیں کھیلیں گے۔ ہندوستانی ٹیم ۵؍ میچوں کی سیریز میں۱۔۲؍ سے  پیچھے  ہے۔
 جمعرات کو جب ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اوول کے میدان پر اتریں گی تو بہت کچھ داؤ پر ہو گا ۔ گزشتہ میچ کے ڈرا ہونے سے پرجوش ہندوستانی ٹیم جہاں اس میچ کو جیت کر سیریز ڈرا کرنے کی کوشش کرے گی وہیں انگلینڈ کی ٹیم اس میچ  میں  کامیابی حاصل  کر کے  سیریز اپنے نام کر نا  چاہے گی۔ لارڈس اور مانچسٹر ٹیسٹ انتہائی ڈرامائی انداز میں ختم ہوا اور جس طرح اوول میں پریکٹس سیشن شروع ہوا ہے اس سے یہ میچ بھی کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔مانچسٹر اور اوول ٹیسٹ کے درمیان صرف ۳؍ دن کا وقفہ ہے ، ہندوستان کے  تیز گیند باز جسپریت بمراہ  ورک لوڈ سسٹم کی وجہ سے اس میچ  میں شرکت سے قاصر ہیں۔ محمد سراج پیس اٹیک کا آغاز کریں گے چونکہ انشول کمبوج  گزشتہ  میچ میں اپنے پہلے میچ میں  متاثر کرنے میں ناکام رہے تھے، اس لیے ان کی جگہ آکاش دیپ کو شامل کیاجا سکتا ہے، جو  چوٹ سے صحت  یاب ہو کرواپس آ رہے ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے بمراہ کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی کمر اور طویل مدتی مستقبل کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ یہ حیران کن نہیں ہے کیونکہ میڈیکل ٹیم نے بمراہ، ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرس کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ انگلینڈ کے دورے کے دوران ۵؍ میں سے صرف ۳؍ ٹیسٹ کھیلیں گے۔ بمراہ نے ہیڈنگلے میں پہلا ٹیسٹ کھیلا، ایجبسٹن میں دوسرے ٹیسٹ  میں باہر رہے جس میں ہندوستان کامیاب رہا اور پھر گزشتہ  ہفتے لارڈس اور اولڈ ٹریفورڈ میں اگلے ۲؍ ٹیسٹ میں شرکت کی۔
 اوول میں جیت کے ساتھ سیریز۲۔۲؍سے برابر کرنے کے امکان کے پیش نظر ہندوستان اپنے اصل منصوبوں کو تبدیل کرنے پر غور کر سکتا ہے۔اولڈٹریفورڈ ٹیسٹ کے  چوتھے دن کی صبح  جسپریت بمرا ہ نے گیند بازی نہیں کی تھی ،انہوں  نے۳۳؍ اوورس میں ۲؍ وکٹ  حاصل کیں، جو  ایک اننگز میں  ان کے ذریعے ڈالے  گئے  سب سے زیادہ         اوور ہیں  اور ان کے رن کی تعداد پہلی بار۱۰۰؍رن  سے تجاوز کر گئی۔
 بمراہ فی الحال محمد سراج کے ساتھ ۱۴؍ وکٹ  کے ساتھ سیریز میں مشترکہ طور پر دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔ مانچسٹر میں ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد، ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا تھا کہ بمراہ آخری ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہیں، لیکن دو دن بعد ہندوستان نے انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا۔ بمراہ کی جگہ کون لے گا یہ بات منگل کو ہندوستان کے پریکٹس سیشن میں واضح ہوگئی۔ آکاش دیپ، جو کمر کی تکلیف کی وجہ سے چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے تھے،سرسبز پریکٹس پچوں پر اپنا   فارم  حاصل کرنے میں کامیاب  ہوگئے  ہیں،ایجبسٹن ٹیسٹ  میلبورن کے بعد ان کا پہلا ٹیسٹ تھا، آکاش دیپ نے میچ میں ۱۰؍ وکٹ  لئے تھے، جس میں انگلینڈ کی دوسری اننگز میں۹۹؍ رن دے کر کریئر کے بہترین ۶؍ وکٹ بھی شامل تھے۔
  لارڈس میں اگلے ٹیسٹ میں، آکاش کو تسلسل برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی ، خاص طور پر پویلین اینڈ سے ڈھلوان پر گیند بازی کرتے وقت۔         انہوں نے ٹیسٹ میں صرف ایک وکٹ حاصل کیا، لیکن اوول میں تیز گیند باز کے لئے  ہموار حالات آکاش کو جلد واپسی میں مدد دے سکتے ہیں۔پھر بھی گل اور گمبھیر کو بولنگ اٹیک میں توازن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ چیلنج بنیادی طور پر ۳؍ دیگر تیز گیند بازوں، پرسدھ کرشنا، شاردُل ٹھاکر اور انشول کمبوج کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ہے۔ پرسدھ دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے بعد سے نہیں کھیلے ہیں جبکہ ٹھاکر اور کمبوج کو اولڈ ٹریفورڈ میں اپنے پہلے اسپیل کے بعد بمشکل ہی گیند بازی کا موقع ملا ہے۔
 بمراہ کی غیر موجودگی میں، سراج  تمام ٹیسٹ کھیلنے والے واحد تیز گیند باز ہیں، ایک بار پھر تیز رفتار گیند بازی حملے کی قیادت کریں گے۔ اس سیریز میں تیز گیند بازوں میں سراج  چوتھے سب سے زیادہ  ۱۳۹؍اوورس کئے  ہیں، لیکن انہوں نے اپنی رفتار  میں کمی نہیں آنے دی۔ ہندوستان کو ان کے کام کے بوجھ اور فٹنیس کی فکر ہوگی، لیکن ان کے پاس سراج کو  موقع دینے   کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ پھر بھی ہندوستان کو تیسرے پیسر کا فیصلہ کرنا ہوگا۔امکان ہے کہ پرسدھ اور عرشدیپ سنگھ میں سے کسی ایک کو شامل کیا جائے، رشبھ پنت کے اوول ٹیسٹ سے باہر ہونے کے بعد دھرو جوریل وکٹ کیپنگ  اور مڈل آرڈر میں بیٹنگ کریں گے۔  جوریل کی ناتجربہ کاری، خاص طور پر انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ ، ہندوستان کو بیٹنگ کی گہرائی فراہم کرنے کے لیے ٹھاکر کو برقرار  رکھا جا سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK