• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی خواتین ٹیم نے جاپان کو ۰۔۷؍گول سے شکست دے دی

Updated: September 08, 2026, 6:04 PM IST | New Delhi

دفاعی چیمپئن ہندوستانی خواتین ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کو ایشیائی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان کو۰۔۷؍گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے ایلیٹ گروپ میں اپنا ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے آخری آٹھ ٹیموں کے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

Hockey Match.Photo:X
ہاکی کا میچ۔ تصویر:ایکس

دفاعی چیمپئن ہندوستانی خواتین ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کو ایشیائی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان کو۰۔۷؍گول  سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے ایلیٹ گروپ میں اپنا ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے آخری آٹھ ٹیموں کے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ کوریا کو ۱۔۴؍گول  اور ملائیشیا کو ۱۔۱۱؍ سے شکست دینے کے بعد ہندوستان نے جاپان کے خلاف بھی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ابتدا ہی سے میچ پر اپنا غلبہ برقرار رکھا۔


مقابلہ مکمل طور پر ہندوستان کے حق میں رہا اور ٹیم نے وقفے وقفے سے گول کرتے ہوئے جاپان کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ کرشنا شرما نے پانچویں منٹ میں گول کرکے کھاتہ کھولا، چار منٹ بعد سپریا نے پنالٹی اسٹروک کو گول میں تبدیل کیا، جبکہ  ۱۴؍ویں منٹ میں پورنیما یادو کے گول کی بدولت ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں ۰۔۳؍گول  کی برتری حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ میں جاپان کی قیادت کینڈل کاڈوواکی فلیمنگ کریں گے

دوسرے کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا۔ جاپان نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے واپسی کی کوشش کی، جبکہ ہندوستان اپنی برتری بڑھانے کے مواقع تلاش کرتا رہا۔ تاہم دونوں ٹیمیں اسکور میں اضافہ نہ کرسکیں اور ہاف ٹائم پر ہندوستان کو۰۔۳؍گول  کی آرام دہ برتری حاصل رہی۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں بھی جاپان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی دفاع نے اس کی تمام کوششیں ناکام بنادیں۔ ہندوستان نے رفتار تیز کی تو پانچ منٹ کے اندر تین گول کرکے جاپان کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کردیں۔ گیتا یادو نے ۴۱؍ویں اور ۴۵؍ویں منٹ میں دو گول کرکے ہندوستان کی برتری ۰۔۵؍گول  کردی  جبکہ اگلے ہی منٹ پورنیما یادو نے ایک اور گول داغ دیا۔

یہ بھی پڑھئے:آشا بھوسلے نے ایک وقت عدنان سمیع کی پزیرائی کی تھی

آخری کوارٹر میں بھی ہندوستان نے جاپانی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا اور ۵۰؍ویں منٹ میں سانیکا چندرکانت کے گول کے ساتھ ۰۔۷؍گول  کی شاندار فتح یقینی بنادی۔ تین میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ ہندوستان اس وقت ایلیٹ پول میں سرفہرست ہے۔ پول میں پہلی پوزیشن طے کرنے کے لیے ہندوستان کل اپنے آخری لیگ میچ میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود چین کا سامنا کرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK