تیسرا اور فیصلہ کن میچ جیت کر ہرمن پریت کور کی ٹیم پہلی بارآسٹریلیا کیخلاف یکروزہ سیریز جیتنے کی کوشش کرےگی۔
EPAPER
Updated: September 20, 2025, 1:30 PM IST | Agency | New Delhi
تیسرا اور فیصلہ کن میچ جیت کر ہرمن پریت کور کی ٹیم پہلی بارآسٹریلیا کیخلاف یکروزہ سیریز جیتنے کی کوشش کرےگی۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم جس کی قیادت ہرمن پریت کور کر رہی ہیں، آج آسٹریلیا کے خلاف پہلی بار ون ڈے سیریز جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ۳؍میچوں کی یہ سیریز فی الحال ایک ایک کی برابری پر ہے اور آج کا میچ فیصلہ کن ہوگا۔ اس ماہ کے آخر میں خواتین کے عالمی کپ کا انعقاد ہونا ہے اور اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم اس سیریز کو جیت کر اپنا حوصلہ بڑھانا چاہے گی۔
ہندوستانی خواتین ٹیم نے ابھی تک کسی بھی دوطرفہ ون ڈے سیریز میں عالمی چمپئن آسٹریلیا کو شکست نہیں دی ہے۔ آسٹریلیا کو ہرانا آسان نہیں ہے اور اگر ہندوستان کو تاریخ رقم کرنی ہے تو اسے کھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پہلے میچ میں بری طرح ہارنے کے بعد ہرمن پریت کور اور ان کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرے میچ میں ۱۰۲؍رنوں سے کامیابی حاصل کی، جو رنوں کے لحاظ سے آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست تھی۔ یہ گزشتہ ۱۲؍ میچوں میں ہندوستان کی آسٹریلیا کے خلاف پہلی جیت تھی۔تاہم اس فتح کے دوران ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔
دوسرے میچ میں ٹیم نے ۶؍ کیچ چھوڑے اور اس طرح ۲؍ میچوں میں کُل ۱۰؍کیچ چھوڑے جا چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر آسان تھے۔ ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی تشویش کا باعث ہے۔ تاہم دوسرے میچ میں گیندبازوں نے اچھے مواقع بنائے جو ٹیم کے لئے ایک مثبت پہلو ہے۔ اسٹریس فریکچر سے صحت یاب ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والی تیز گیندباز رینوکا ٹھاکر اور ان کی ساتھی کرانتی گوڑ نے آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کر دیاتھا جبکہ اسپنرز نے درمیان کے اووروں میں دباؤ برقرار رکھا۔ تیز گیندبازی میں تیسرے آپشن کے طور پر اروندھتی ریڈی کا شامل ہونا بھی ہندوستان کیلئے فائدہ مند رہا۔ امید ہے کہ میزبان ٹیم ایک بار پھر متحد ہوکر اور ہر شعبہ میں بہتری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ہندوستان کی بلے بازی دونوں میچوں میں اچھی رہی، خاص طور پر اوپنرا سمرتی مندھانا اور پراتیکا راول نے ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی، لیکن مڈل آرڈر کے بلے باز بڑی شراکتیں قائم کرنے میں ناکام رہے۔ مندھانا نے پچھلے میچ میں سنچری بنائی تھی اور ٹیم کو ان سے اسی طرح کی کارکردگی کی امید رہےگی۔ اب ہرمن پریت، ہرلین دیول اور رچا گھوش جیسی کھلاڑیوں کو بھی اچھا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ خاص طور پر اس صورت میں جب جمیما روڈریگز ٹیم سے باہر ہو گئی ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کامقصد آسٹریلیا کو گھریلو سر زمین پر شکست دے کر سیریز جیتنا ہے تو الیسا ہیلی کی قیادت میں آسٹریلیائی ٹیم بھی جوابی وار کرنے کی کوشش کرے گی۔ آسٹریلیائی ٹیم کو ابھی کم نہیں سمجھنا چاہیے۔ الیسا ہیلی کی ٹیم شاذ و نادر ہی لگاتار ۲؍میچ ہارتی ہے۔آسٹریلیائی ٹیم نہ صرف بلے بازی میں بلکہ گیندبازی میں بھی کافی مضبوط ہے۔ ٹیم انڈیا کو سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔