مالیگائوں ، ناندیڑ، جلگائوں ، ایوت محل سمیت ریاست بھرکی مساجد میں دعائوں کا اہتمام ، رب سے وقف جائیدادوں کی حفاظت کی التجا۔
EPAPER
Updated: September 20, 2025, 2:05 PM IST | Inquilab News Network | Malegaon/ Nanded/ Ayutthaya/ Jalgaon
مالیگائوں ، ناندیڑ، جلگائوں ، ایوت محل سمیت ریاست بھرکی مساجد میں دعائوں کا اہتمام ، رب سے وقف جائیدادوں کی حفاظت کی التجا۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر مہاراشٹر بھر میں یومِ دعا کا اہتمام کیا گیا۔ مہاراشٹر کے تقریباً تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اس اپیل کا اثر دکھائی دیا۔ جمعہ کی نماز کے بعد مساجد میں ائمہ کرام نے دعائیں کیں۔
مالیگائوں میں نمازِ جمعہ سے قبل ائمہ نے وقف ترمیمی قانون کے نقصانات بیانات کئے اورعامتہ المسلمین کی ذہن سازی کی ۔مالیگاؤں ایکشن کمیٹی برائے تحفظ اوقاف نے سوشل میڈیا کی مدد سے اس مہم میں سب کو جوڑا ۔ ائمہ کرام تک بورڈ کی جانب سے ’اوقاف کی حفاظت ہر قیمت پر ضروری ‘ کے عنوان سے تیار کردہ مواد پی ڈی ایف میں روانہ کیا گیا ۔ مفتی محمد عامر یاسین ملّی نے بتایا کہ سَو سے زائد ائمہ مساجد کو اس بابت اطلاع کردی گئی تھی ۔ گلشن خطابت سے منسلک سبھی مقررین و ائمہ کرام نے متذکرہ عنوان کا احاطہ اپنے خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مَیں نے مسجد یحییٰ زبیر میں تقریر ودعا کی۔
ناندیڑ کی مختلف مساجد میں بھی یومِ دعا منظم طریقے سے منایا گیا۔مسجد بارہ امام، کھڑکپورہ میں مولانا فرحان اشاعتی نے امامت کی اور اجتماعی دعا کروائی۔ مولانا نے اللہ تعالیٰ سے التجا کی کہ وقف کی جائیدادوں کو ہر قسم کی دست درازی سے محفوظ رکھ اور حکومت کو انصاف کی راہ پر چلنے کی ہدایت دے۔ مسجد قدیم عیدگاہ میں مولانا وسیم حسینی کی قیادت میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ مولانا نے خاص طور پر مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی حفاظت اور قانون کی منسوخی کی التجا کی۔ اس مسجد میں بھی نمازِ جمعہ کے بعد صحن میں نمازی جمع ہوئے اور متحدہ طور پر آمین کہا۔ اس دوران خطبہ جمع کے دوران علما نے نمازیوں کو قانون کی ناانصافیوں کے بارے میں آگاہ بھی کیا۔شہر کی دیگر مساجد میں بھی اسی طرح کے پروگرام منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں مسلمانوں نے حصہ لیا۔
ودربھ کے بڑے شہر جیسے ناگپور، اکولہ، امراوتی، ایوت محل و دیگر اضلاع میں بھی تقریباً یہی نظارہ رہا۔ بیشتر مساجد میں ائمہ کرام نے وقف بورڈ بل کے تعلق سے خطاب کیا اور نماز بعد دعا کروائی جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ اجتماعی دعائوں کے علاوہ آئندہ کیلئے مختلف احتجاج کا بھی اعلان کیا گیا۔خاص طور سے ۳؍ اکتوبر بروز جمعہ صبح ۸؍ بجے تا دوپہر ۲؍بجے تک مسلمانوں سے اپنے کاروبار و دفتر بطور احتجاج بند رکھنے کی اپیل کی گئی، البتہ دواخانے و میڈیکل اسٹورس کھلے رہیں گے۔
خاندیش کے شہر جلگائوں میں بھی سپریم کالونی میں واقع مسجد قبا میں نماز بعد اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ یہا ں مفتی خالد نے دعا کروائی۔ یاد رہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر منائے گئے یوم دعا کو وقف بورڈ بل کے خلاف احتجاج کے دوسرے دور کا آغاز کہا جا رہا ہے۔ ابھی اس تعلق سے طویل جدوجہد کرنی ہوگی۔ یاد رہے کہ عدالت نے بل کی کچھ شقوں کو منسوخ کروایا ہے۔