سہ رخی سیریز کے یکروزہ میچ میں میزبان سری لنکا نے ٹیم انڈیا کو۳؍وکٹ سے شکست دی۔ ہرشیتا اور نیلاکشی ڈی سلواکی اچھی بلے بازی۔
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 12:41 PM IST | Agency | Colombo
سہ رخی سیریز کے یکروزہ میچ میں میزبان سری لنکا نے ٹیم انڈیا کو۳؍وکٹ سے شکست دی۔ ہرشیتا اور نیلاکشی ڈی سلواکی اچھی بلے بازی۔
چامری اٹاپٹو اور سوگندھیکا کماری (۳۔۳؍ وکٹ) کی عمدہ کارکردگی کے بعد ہرشیتا سمارویکرما (۵۳؍رن) اور نیلاکشی ڈی سلوا (۵۶؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت سری لنکاکی خواتین ٹیم نے اتوار کو سہ رخی سیریز کے چوتھے میچ میں ہندوستان کو ۵؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ ۷؍ سال میں سری لنکا کی ہندوستان کے خلاف پہلی ون ڈے فتح ہے۔
۲۷۶؍رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکا کی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اس نے اپنا پہلا وکٹ ہسینی پریرا (۲۲؍رن) کی شکل میں صرف۳۰؍رن کے اسکور پر گنوا دیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۷۸؍رن کی شراکت ہوئی۔ اروندھتی ریڈی نے ۲۳؍ ویں اوور میں وشمی گنارتنے (۳۳؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد پرتیکا راول نے ۲۷؍ ویں اوور میں ہرشیتا سماراویکرما (۵۳؍رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ کپتان چامری اٹاپٹو (۲۳؍رن)، کاویشا دلہاری (۳۵؍رن) اور دیومی وہنگا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ نیلاکشی ڈی سلوا نے۳۳؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۶؍ رن بنائے۔ آخری اوور میں ہندوستانی گیند بازوں نے سخت گیند بازی کی اور میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ انوشکا سنجیوانی ۲۳؍رن اور سوگندھیکا کماری ۱۹؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا نے۴۹ء۱؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر ۲۷۸؍ رن بنا کر ۳؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ہندوستان کی جانب سے اسنیہ رانا نے۳؍ وکٹ لئے۔ اروندھتی ریڈی، شری چارنی اور پرتیکا راول نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل رچا گھوش(۵۸)، جمائمہ روڈریگیز (۳۷؍رن) اور پرتیکا راول (۳۵؍ رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی خواتین نے سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں اتوارکو سری لنکا کو۲۷۶؍ رن کا ہدف دیا۔
اتوار کو کولمبومیں سری لنکا کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر ہندوستانی ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ بلے بازی کرنے اتری پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے۵۱؍ رن جوڑے۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ۱۰؍ویں اوور کی پہلی گیند پر اسمرتی مندھانا ۱۸؍رن آؤٹ کی صورت میں گرا۔۱۳؍ ویں اوور میں انوکا راناویرا نے پرتیکا راول (۳۵؍ رن ) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ہرلین دیول اور کپتان ہرمن پریت کور کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے ابھی تیسرے وکٹ کیلئے۴۲؍ رن جوڑے تھے کہ دیومی وہنگا نے ہرلین دیول (۲۹؍ رن) کو آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد سوگندھیکا کماری نے کپتان ہرمن پریت کور(۳۰؍رن) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو چوتھی کامیابی دلائی۔ جمائمہ روڈریگز نے ۴۶؍گیندوں پر۳۷؍ رن بنائے۔ رچا گھوش نے۴۸؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۵۸؍ رن بنائے۔ دپتی شرما (۲۴؍رن)، کاشوی گوتم (۱۷؍رن) اور اسنیہا رانا (۱۰؍رن) آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۲۷۵؍ رن بنائے۔ سری لنکاکی جانب سے چماری اٹاپٹو اور سوگندھکا کماری نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ دیومی وہنگا اور انوکا راناویرا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔