دبئی میں منعقدہ منی میکس کیٹیگری کی ریس جیتنے والی پہلی خاتون ڈرائیوربن گئیں۔
EPAPER
Updated: September 16, 2025, 2:36 PM IST | Agency | Dubai
دبئی میں منعقدہ منی میکس کیٹیگری کی ریس جیتنے والی پہلی خاتون ڈرائیوربن گئیں۔
ہندوستانی موٹراسپورٹس کی ۱۰؍سالہ باصلاحیت ڈرائیور، عتیقہ میر نے اتوار کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں تاریخ رقم کی جب وہ منی میکس (Mini Max) کیٹیگری کی ریس جیتنے والی پہلی خاتون ڈرائیور بن گئیں۔ یہ ریس دبئی کار ٹ ڈروم میں منعقدہ ڈی اے ایم سی چمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ کا حصہ تھی۔
عتیقہ نے پول پوزیشن سے آغاز کیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۴؍ ڈرائیوروں کو پیچھے چھوڑ کر سب سے پہلے فنش لائن عبور کی۔ واضح رہے کہ اس ریس میں عتیقہ واحد خاتون ڈرائیور تھیں۔ ریس میں یورپ کے تجربہ کار ڈرائیور بھی شامل تھے، لیکن عتیقہ نے شاندار ڈرائیونگ اور ٹریک کی حدود کا کا زبردست استعمال کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ جیت اس لئے بھی خاص ہے کیونکہ منی میکس کیٹیگری میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی خاتون نے پول اور فائنل ریس دونوں جیتی ہو۔ اس سال کے آغاز میں، فارمولا ۔۱؍نے عتیقہ کی صلاحیتوں کو پہچانتے ہوئے انہیں ایف ۔۱؍ اکیڈمی ڈی وائی ڈی پروگرام کے لئے منتخب کیا تھا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی ڈرائیور بھی ہیں۔ اپنی فتح پر عتیقہ نے کہا’’میں اس جیت سے بہت خوش ہوں۔ دبئی کارٹ ڈروم وہ ٹریک ہے جہاں سے میں نے کارٹنگ شروع کی تھی، اس لئے یہ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گا۔ تیاری کے لئے زیادہ وقت نہیں ملا پھر بھی میں اپنی رفتار برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ میں اپنے اسپانسرز ایکسل اکیڈمی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘
یورپی سیزن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد عتیقہ جلد ہی سلوواکیہ روانہ ہوں گی جہاں وہ چمپئن آف دی فیوچر اکیڈمی کے راؤنڈ ۴؍ میں حصہ لیں گی اور ایف ۔۱؍ڈی وائی ڈی پروگرام کے لئے ڈرائیو کریں گی۔ عتیقہ کا تعلق ریسنگ فیملی سے ہے۔ ان کے والد آصف نذیر میر فارمولا ایشیا کے وائس چمپئن رہ چکے ہیں۔ عتیقہ موجودہ فارمولا ون عالمی چمپئن میکس ورسٹاپن کو اپنا آئیڈیل مانتی ہیں اور ان کا خواب ہے کہ ایک دن وہ موٹراسپورٹس کی سب سے اونچی منزل، فارمولا ون ، تک پہنچیں۔