Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی شطرنج میں ہندوستان کا بڑھتا دبدبہ

Updated: July 30, 2025, 1:36 PM IST | Nitin Nagar | Mumbai

ڈی گوکیش کے بعد دیویہ نے عالمی اعزاز حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کردیا

19-year-old Divya Deshmukh (left) and 18-year-old KD Gokesh have created a stir in the chess world by winning the world title. Photo: INN
۱۹؍سال کی دیویہ دیشمکھ (بائیں)اور۱۸؍سال کے ڈی گوکیش نے عالمی خطاب جیت کر شطرنج کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ناگپور کی ۱۹؍سالہ دیویہ دیشمکھ نے فیڈے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں کونیرو ہمپی جیسی تجربہ کار کھلاڑی کو شکست دے کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ گرینڈ ماسٹر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ دیویہ کی یہ جیت عالمی شطرنج میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے دبدبے کو ظاہر کرتی ہے۔گزشتہ سال، ہندوستان کے ڈی گوکیش نے تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی شطرنج چمپئن شپ میں چین کے ڈنگ لیرین کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ صرف ۱۸؍سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دینے والے گوکیش نےوشوناتھن آنند کے بعد دوسرے ہندوستانی اور سب سے کم عمر عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ان کی یہ کامیابی صرف ذاتی نہیں تھی بلکہ ہندوستانی شطرنج کی مہم میں ایک بڑی چھلانگ تھی۔
 گزشتہ سال ستمبر میں ہی ہندوستان نے بڈاپیسٹ میں منعقدہ ۴۵؍ویں شطرنج اولمپیاڈ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مردوں اور خواتین دونوں ٹیموں نے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا  تھا۔ یہ پہلی بار تھا جب ہندوستان نے دونوں زمروں میں سرفہرست مقام حاصل کیا، جو ٹیم کے توازن اور گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کامیابیوں کے درمیان ہندوستان کے کئی دوسرے نوجوان گرینڈ ماسٹرز بھی مسلسل عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
  آر پراگنانند، ودیت گجراتی، ارجن ایریگیسی، آر ویشالی اور ڈی ہریکا جیسے کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹس میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں اور شطرنج کی دنیا میں ہندوستان کا سر بلند کر  رہے ہیں۔ پراگنانند نے اسی سال ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ جیتا اور وہ ایسا کرنے والے وشوناتھن آنند کے بعد دوسرے ہندوستانی ہیں۔ ارجن ایریگیسی ۲۸۰۰؍ای ایل او  ریٹنگ حاصل کرنے والے دنیا کے چنندہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ان تجربہ کار کھلاڑیوں کے درمیان، حال ہی میں دہلی کے ۹؍ سالہ اریت کپل نے آن لائن پلیٹ فارم پر سابق عالمی چمپئن میگنس کارلسن کو ڈرا پر روک کر دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ اریت کی یہ کامیابی اس بات کا اشارہ ہے کہ ہندوستان کی شطرنج کی بنیاد کتنی مضبوط ہو رہی ہے۔ جب ہندوستان کے نوجوان گرینڈ ماسٹرز عالمی شطرنج کےہر بڑے مقابلے میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں، تو یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ شطرنج میں ہندوستان کا مستقبل سنہرا ہے۔ دیویہ دیشمکھ، گوکیش اور پراگنانند جیسے کھلاڑی اب صرف امید نہیں بلکہ بھروسے کی علامت بن چکے ہیں۔ان سےمزید خطابات کی امید کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK