ہندوستان نے انگلینڈ کو ۶؍رن سے مات دی۔ ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف حاصل اپنی پچھلی ۱۳؍رن کی جیت کا ریکارڈ توڑ دیا
EPAPER
Updated: August 04, 2025, 9:57 PM IST | London
ہندوستان نے انگلینڈ کو ۶؍رن سے مات دی۔ ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف حاصل اپنی پچھلی ۱۳؍رن کی جیت کا ریکارڈ توڑ دیا
انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں ہندوستان کی۶؍ رن سے جیت ٹیسٹ کرکٹ میں رن کے اعتبار سے ہندوستان کی سب سے چھوٹی جیت ہے۔ اس نے آسٹریلیا کے خلاف حاصل اپنی پچھلی ۱۳؍رن کی جیت کا ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ ایک دلچسپ سیریز کا نہایت سنسنی خیز انداز میں اختتام تھا۔ چوتھے دن کے آخری سیشن تک میچ مکمل طور پر انگلینڈ کے حق میں نظر آ رہا تھا لیکن دو مسلسل وکٹوں نے میچ کو یکطرفہ ہونے سے بچا لیا اور پانچویں دن آتے ہی ہندوستان نے انگلینڈ کے منھ سے جیت کا نوالہ چھین لیا۔
محمد سراج نے ۵؍ وکٹ لے کر فتح ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی۔ انہوں نے دن کے پہلے ہی اوور میں اسمتھ کو پویلین واپس بھیجا اور پھر اوورٹن کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو جیت کے مزید قریب پہنچا دیا۔ پرسدھ کرشنا نے جوش ٹنگ کو آؤٹ کیا، لیکن ایٹکنسن نے بڑے شاٹس لگا کر انگلینڈ کو جلدی جتانے کی کوشش کی، مگر سراج نے اپنے۳۱؍ویں اوور کی پہلی گیند پر ایٹکنسن کو بولڈ کر کے میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں کر دیا۔ سیریز میں مجموعی طور پر۲۳؍ وکٹ لے کر محمد سراج ہندوستان کی جیت کے اصل ہیرو بنے۔
میچ کے بعد محمد سراج نے کہاکہ ’’اس جیت کو بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ کل ہیری بروک کا کیچ چھوڑنے کے بعد میں تھوڑا مایوس ہوا تھا، لیکن آج صبح اُٹھ کر مجھے یقین تھا کہ میں یہ کر سکتا ہوں اور ہندوستان کو جیت دلا سکتا ہوں۔‘‘ میچ میں ۹؍وکٹ حاصل کرنے پر محمد سراج کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔