Inquilab Logo Happiest Places to Work

جان ابراہم نے ’’تہران‘‘ کے سنیما گھروں میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ بیان کی

Updated: August 04, 2025, 9:24 PM IST | Mumbai

جان ابراہم نے’’تہران‘‘ کے سنیماگھروں میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ سنیما گھر ایسی فلموں کا انتخاب کرتے ہوئے ہچکچا رہے تھے جس میں ایران اور اسرائیل کا تذکرہ ہے۔ یاد رہے کہ ’’تہران‘‘ ۱۴؍ اگست ۲۰۲۵ء کو زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

’’دی ڈپلومیٹ‘‘ کی کامیابی کے بعد جان ابراہم اپنی اگلی فلم ’’تہران‘‘ سے مداحوں کو لطف اندوز کرنے کیلئے تیار ہیں۔ میڈوک فلمز کے ذریعےریلیز کی جانے والی اس فلم میں مانوشی چھلر بھی کلیدی کردار نبھائیں گی۔ ’’تہران‘‘ کو سنیماگھروں میں ریلیز کیا جانے والا تھا لیکن کچھ دنوں پہلے فلمسازوں نے آن لائن فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اس کی او ٹی ٹی ریلیز کااعلان کیا تھا۔ جان ابراہم نے فلم کے تھیٹر میں ریلیز نہ ہونےپر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سنیما گھروں کے متنازع فلموں کونظر انداز کرنے کی وجہ بیان کی۔ جب ان سے سنیماگھروں کے بجائے فلم کو او ٹی ٹی پر ریلیز کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بالی ووڈ ہنگامہ کو بتایا کہ ’’یہ مایوس کن ہے۔ ایک ایسے اداکار کیلئے جو ہمیشہ بڑی اسکرین پر آنے چاہتے ہیں، یہ دل برداشتہ ہے۔ دنیا میں ہونے والے تنازعات اور جنگوں کے درمیان سنیماگھر خاص طور پر ایسی فلموں کا انتخاب کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے تھے جس میں ایران اور اسرائیل کا ذکرہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: روپالی گنگولی نے ٹی وی اداکاروں کیلئے بھی نیشنل ایوارڈز کا مطالبہ کیا

انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے بہت مشکل فیصلہ کیا، ہمارے پاس دو ہی راستے تھے یا تو اس فلم کو کہیں دکھایا جائے یا کہیں بھی نہ دکھایا جائے۔ بعد ازیں زی فائیو نے اپنے پلیٹ فارم کیلئے اس فلم کو قبول کیا۔‘‘ جان ابراہم نے یہ کہتے ہوئے کہ انہیں اس فلم پر فخر ہے کہا کہ ’’میں نے اس کےساتھ بیرون ممالک کی فلموں جیسا رویہ برتا ہے۔ جب آپ فلم دیکھیں گے تو سمجھیں گے کہ میں کیا کہہ رہاہوں۔ اس فلم میں کافی فارسی شامل کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کافی ہبریو بھی شامل کی گئی ہے۔ میہ فلم ایک گھنٹے ۵۰؍ منٹ پر مبنی ہے۔ ممکن ہے کہ یہ زیادہ سامعین کو پسند نہ آئے۔‘‘جان ابراہم نے مزید کہا کہ ’’اس فلم کا نام تہران ہے اور تہران میں داخل ہونے کے بعد آپ ہندی نہیں بول سکتے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: جان ابراہم کی فلم ’’تہران‘‘ کا ٹریلر ریلیز، فلم ۱۵؍ اگست ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہوگی

’’تہران‘‘
اورن گوپالن کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں نیرو باجوا،ایلناز نوروزی، اور مدھوریما تولی بھی اہم کردار نبھائیں گے۔ یاد رہے کہ یہ فلم ۱۴؍ اگست ۲۰۲۵ء کو زی فائیو پر ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK