Inquilab Logo

ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم کی تاریخی فتح، آسٹریلیا کو ہرادیا

Updated: December 25, 2023, 12:03 PM IST | Agency | Mumbai

واحد ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا نےمہمان ٹیم کو ۸؍وکٹوں سے شکست دے کرکنگارو ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی،اسنیہ رانا میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا ۲۸؍برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ کا پہلا ` گھریلو سیزن اُس وقت شاندار اختتام کو پہنچا جب میزبان ٹیم نے اتوار کو ٹیسٹ کے چوتھے اور آخری دن آسٹریلیا کو پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے آخری دن ہندوستان نے بلے اور گیند دونوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے صبح ۲۸؍ رنوں کے عوض آسٹریلیا کی بقیہ ۵؍ وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے مہمان ٹیم دوسری اننگز میں ۲۶۱؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ ہندوستان کو فتح کیلئے ۷۵؍رنوں کا ہدف ملا جو اس نے ۱۹؍ویں اوور میں ۲؍ وکٹوں پر ۷۵؍رن بنا کر حاصل کر لیا۔ افتتاحی بلے باز اسمرتی مندھانا ۳۸؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں ۔ جمائمہ روڈریگز بھی ۱۲؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں کم گارتھ اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
 ہندوستانی خواتین کی ٹیم ۱۹۹۵ء کے بعد پہلی بار ایک سیزن میں گھریلو سرزمین پر ایک سے زیادہ ٹیسٹ کھیل رہی تھی اور ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پورے میچ میں حاوی رہنے میں کامیاب رہی ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہندوستان نے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ کو بھی ۳۴۷؍ رنوں کے بڑے فرقسے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں رنوں کے لحاظ سے انگلینڈ کے خلاف کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی جیت تھی۔
  آسٹریلیا کے خلاف ۱۱؍ٹیسٹ میں یہ ہندوستان کی یہ پہلی جیت ہے۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے اب تک ۴۰؍ ٹیسٹ میں ۷؍ جیت درج کی ہیں جبکہ ۶؍ میچ ہارے ہیں ۔ ٹیم کے ۲۷؍میچ ڈرا ہوئے ہیں ۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن صبح ہندوستانی اسپنرز کا غلبہ رہا۔ اسنیہ رانا (۶۳؍پر ۴؍ وکٹ) اور راجیشوری گائیکواڑ (۴۲؍پر ۲؍وکٹ) نے آسٹریلیا کی اننگز کو سمیٹنے میں زیادہ وقت نہیں لیا۔ آسٹریلیا کی نظریں ۴۶؍ رنوں کی اپنی برتری کو مضبوط کرنے پر تھیں لیکن پہلے سیشن میں ۴۵؍ منٹ کے اندر ہی اس نے اپنی باقی ۵؍ وکٹیں گنوا دیں۔ 
 ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ۵؍وکٹوں پر ۲۳۳؍رن بنانے کے بعد آج صبح کھیلنا شروع کیا۔ پوجا وستراکر نے ایشلے گارڈنر کو ۷؍ رن پر ایل بی ڈبلیو کر کے آسٹریلیا کو کل کے ۲۳۳؍کے اسکور پرہی چھٹا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ۲۵۱؍رن پر اسنیہ رانا نے اینابیل سدرلینڈ کو ۲۷؍ رن پر آؤٹ کرکے آسٹریلیا کا ساتواں وکٹ حاصل کیا۔ جیس جوناسن ۹؍ رن بنانے کے بعد، کم گارتھ ۴؍ رنوں کے اضافہ کے بعد آؤٹ ہوئیں ۔ الانا کنگ صفر پر رانا کی گیند پر پویلین لوٹیں ۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم ۱۰۵ء۴؍اوور میں ۲۶۱؍ رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی اوراسے۷۴؍رنوں کی برتری حاصل ہوئی تھی۔میزبان ٹیم نے محض ۲؍وکٹیں گنواکر تاریخی کامیابی اپنے نام کرلی۔
ہرمن پریت کی ۲؍وکٹوں نے میچ کا رخ موڑدیا:رانا
 ممبئی،(ایجنسی): ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی آف اسپنر اسنیہ رانا نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد کہا کہ اگرچہ انہوں نے ۲؍ اننگز میں ۱۱۹؍ رنوں کے عوض ۷؍ وکٹیں حاصل کیں اور پہلی اننگز میں ۵۰؍ رنوں کی شراکت بھی نبھائی جس کی وجہ سے انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا، لیکن تیسرے دن کپتان ہرمن پریت کور کی ۲؍ وکٹوں نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں میچ کا رخ ہندوستان کی سمت موڑ دیا۔آسٹریلیا نے ۷؍ وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کی ۱۸۷؍ رنوں کی برتری کو مٹا دیا تھا اور خطرناک نظر آرہا تھا کیونکہ تاہیلا میک گرا اور کپتان ایلیسا ہیلی نےکریز پر قدم جما لیا تھا اور نصف سنچری کی شراکت قائم کی تھی۔بلے انہیں میں، دیپتی شرما اور راجیشوری گائیکواڈ آؤٹ کرنے میں ناکام ہونے کے بعد ہرمن نے خود گیندبازی کا فیصلہ کیا اور فوری کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں میک گرا کو آؤٹ کیا اور پھر چند اوور بعد ہیلی کو بھی آؤٹ کر کے ہندوستان کی جیت کی راہ ہموار کر دی۔ یہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK