Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا صدارت کے لیے انفانٹینو کی راہ مشکل، ۱۲۴؍ اراکین مخالفت میں

Updated: August 11, 2026, 9:05 PM IST | New York

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے اگلے مارچ میں چوتھی مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہونے کے امکانات، جو جولائی کے وسط تک تقریباً یقینی تصور کیے جا رہے تھے، اب عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی کے اراکین میں بڑھتی ہوئی مخالفت کے باعث غیر یقینی ہوگئے ہیں۔

Gianni Infantino.Photo;INN
جیانی انفاننٹیو۔تصویر:آئی این این

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے اگلے مارچ میں چوتھی مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہونے کے امکانات، جو جولائی کے وسط تک تقریباً یقینی تصور کیے جا رہے تھے، اب عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی کے اراکین  میں بڑھتی ہوئی مخالفت کے باعث غیر یقینی ہوگئے ہیں۔  فیفا کے ۲۱۰؍ ووٹ دینے کے اہل اراکین میں ابتدائی طور پر تقریباً سبھی نے انفانٹینو کی امیدواری کی حمایت کی تھی، تاہم ورلڈ کپ اور دیگر مقابلوں میں نجی سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کے ان کے اب ترک کیے گئے منصوبے پر گزشتہ دو ہفتوں سے جاری شدید ردعمل نے انتخابی صورتحال کو بدل دیا ہے۔ بی بی سی اسپورٹ کے مطابق فیفا کے ۲۱۰؍ رکن ممالک میں سے فی الحال ۷۳؍ انفانٹینو کی حمایت میں، ۱۲۴؍ مخالفت میں جبکہ ۱۳؍ غیر فیصلہ کن ہیں۔ تاہم یہ صورتحال مسلسل بدل رہی ہے اور آئندہ چند ماہ میں اس میں تبدیلی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فرحان اختر کا رنویر سنگھ کو طنزیہ اشارہ،’ ’صرف میرے ساتھ ہی نہیں، ایسا ہوتا ہے‘‘

اگر انفانٹینو کے مقابلے میں اتحاد کے امیدوار سامنے آتے ہیں تو انتخاب براہ راست مقابلے میں تبدیل ہوجائے گا۔ دو امیدواروں کی صورت میں کامیابی کے لیے سادہ اکثریت یعنی ۱۰۶؍ ووٹ درکار ہوں گے، جبکہ تین یا اس سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں پہلے مرحلے میں دو تہائی اکثریت ضروری ہوگی۔ کسی امیدوار کے مطلوبہ ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں دوسرے مرحلے میں سادہ اکثریت سے فیصلہ ہوگا۔ فیفا کے اراکین میں یورپ کے ۵۵، افریقہ کے ۵۴، ایشیا کے ۴۶، شمالی امریکہ کے ۳۵، اوشیانا کے ۱۱ اور جنوبی امریکہ کے ۱۰؍ ووٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:اس بار ہاکی ورلڈ کپ ہمارا ہوگا: سلیمہ ٹیٹے

انفانٹینو کے لیے مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب انگلینڈ اور ویلز سمیت یورپ کے کئی ممالک نے آئندہ انتخابات کے لیے ان کی حمایت میں پہلے بھیجے گئے خطوط واپس لے لیے۔ پیر کو یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی یوئیفا، شمالی امریکہ کی کونکاکاف اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے مشترکہ خط میں  انفانٹینو اور فیفا پر دھوکے کے ذریعے اعتماد توڑنے کا الزام عائد کیا۔ ان تینوں علاقائی تنظیموں کی نمائندگی ۱۳۶؍ رکن ایسوسی ایشنز کرتی ہیں۔ ان کنفیڈریشنز کے اندر بھی  انفانٹینو کے حامی موجود ہیں۔ ایشیا میں بھوٹان، فلپائن اور متحدہ عرب امارات ان کی حمایت کرچکے ہیں۔ ایشیا کو  انفانٹینو کے مستقبل کے لیے ایک اہم فیصلہ کن خطہ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے متعدد اراکین نے ابھی اپنا مؤقف واضح نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK