Inquilab Logo Happiest Places to Work

انٹرمیلان چمپئن لیگ کے فائنل میں،بارسلونا کو۳-۴؍ سے ہرایا

Updated: May 08, 2025, 10:35 AM IST | Agency | Milan

دونوں لیگ میں مشترکہ طور پر۶-۷؍ سے جیت کرانٹرمیلان نے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔

Inter Milan`s Davide Fratesi celebrates after scoring the fourth goal. Photo: INN
انٹرمیلان کے ڈیوڈ فریٹیسی چوتھا گول کرنے کے بعد جشن منارہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

انٹر میلان نے بارسلونا کو شکست دے کر چمپئن لیگ ۲۵-۲۰۲۴ء  کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔یہاںسان سیرو اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے دوسرے لیگ میں انٹر میلان نے بارسلوناکو۳-۴؍سے شکست دی اور دونوں لیگ میں مشترکہ طور پر۶-۷؍ سے جیت کر فائنل میں داخلہ لیا۔اس سے قبل بارسلونا کے مونٹ جوئیک اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے مرحلے میں انٹر اور بارسلونا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا تھا۔
انٹر نے۲۱؍ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی
 میچ کے۲۱؍ویں منٹ میں انٹر نے گول کر کے ۰-۱؍ کی برتری حاصل کر لی تھی۔ ٹیم کی طرف سے لوٹرو مارٹینیز نے ڈینزیل ڈمفریز کے پاس پر گول کیا۔۴۵؍ویں منٹ میں ہکن چلہانوگلو نے گول کر کے ٹیم کو  میں۰-۲؍کی برتری دلا دی۔
 ہاف ٹائم کے بعد بارسلونا واپس آیا
 بارسلوناکیلئے ایرک گارشیا نے میچ کے ۵۴؍ ویںمنٹ میں جیرارڈ مارٹن کے کراس کو گول میں تبدیل کرکے اسکور۱-۲؍ کردیا۔۶۰؍ویں منٹ میں ڈینی اولمو نے مارٹن کے پاس سے گیند کو گول پوسٹ میںپہنچا کراسکور ۲-۲؍سےبرابر کردیا۔ بارسلونا کی جانب سے۸۷؍ ویں منٹ میں رافینہا نے گول کر کے ٹیم کو ۲-۳؍کی برتری دلا دی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ بارسلونا کی جیت یقینی ہے، پھر انٹر کے فرانسسکو ایسربی نے گول کر کے اسکور ۳-۳؍کر دیا۔
ڈیوڈ فریٹیسی نے فاتحانہ گول کیا
 انٹر نے اضافی وقت میں دوبارہ برتری حاصل کر لی۔ ٹیم کی جانب  سے۹۹؍ویں منٹ میں ڈیوڈ فریٹیسی نے گول کرکے اسکور۳-۴؍ کردیا۔ اس طرح انٹر نے بارسلونا کوشکست دی۔ پہلے مرحلے میں۳-۳؍سے ڈرا ہونے کے بعد، دونوں لیگ کے بعد ا سکور۶-۷؍پر  رہا جس کی  بنیاد پر انٹر نے فائنل میں جگہ بنا لی۔
 یوئیفا چمپئن لیگ ۲۵-۲۰۲۴ء کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں بارسلونا اور انٹر میلان کے درمیان میچ۳-۳؍کی برابری پر ختم ہوا۔ بارسلونا کے مونٹ جوئیک اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا دو بار پیچھے رہنے کے بعد واپس آیا اور بالآخر میچ برابر کرنے میں کامیاب رہا ۔یہ میچ بھی کافی سنسنی خیز رہا تھا ۔
ہانسی فلک نے اپنی ٹیم پر فخر کا اظہار کیا 
 بارسلونا کے کوچ ہانسی فلک نے میچ کے بعدایک پریس کانفرنس سے  خطاب کرتے ہوئے  اپنی ٹیم پر فخر کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا ’’میں جانتا ہوںکہ آج ہر کوئی مایوس ہے۔ہم نے کھیل میں بہت محنت کی  ۔ ذاتی طورپر کہوں تو مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہےجس نے اپنا سب کچھ لگا دیا۔ہم اگلے سیزن میں واپس آئیں گےاور یوئیفا چمپئن لیگ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ہماری ذمہ داری ٹیم کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK