Updated: August 03, 2026, 10:58 AM IST
|
Agency
| Mumbai
صارفین کے عمومی استعمال کی چیزیں (ایف ایم سی جی ) بنانے والی کمپنیوں نے جون سہ ماہی کے دوران ہندوستان میں مضبوط طلب اور مارکیٹ شیئر میں اضافہ کی اطلاع دی ہے۔ کمپنیوں نے ہندوستان کو طویل مدتی ترقی کا اہم انجن قرار دیتے ہوئے یہاں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صارف مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ کے منصوبوں کا اشارہ دیا ہے۔
روزمرہ کے استعمال کی چیزوں میں غیر ملکی کمپنیوں کا دبدبہ بڑھےگا۔ تصویر:آئی این این
صارفین کے عمومی استعمال کی چیزیں (ایف ایم سی جی ) بنانے والی کمپنیوں نے جون سہ ماہی کے دوران ہندوستان میں مضبوط طلب اور مارکیٹ شیئر میں اضافہ کی اطلاع دی ہے۔ کمپنیوں نے ہندوستان کو طویل مدتی ترقی کا اہم انجن قرار دیتے ہوئے یہاں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صارف مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ کے منصوبوں کا اشارہ دیا ہے۔
اوریو، کیڈبری ڈیری ملک اور ٹوبلیرون جیسے برانڈس کی مالک امریکی کمپنی ’مونڈیلیز انٹرنیشنل،‘ نے بتایا ہےکہ۲۰۲۶ء کی دوسری سہ ماہی میں بھی ہندوستان میں طلب مستحکم ہےاور کمپنی نے ملک میں مزید ایک لاکھ اسٹورس کو اپنے ریٹیل نیٹ ورک میں شامل کیا ہے۔
بیوٹی پروڈکٹس بنانے والی فرانسیسی کمپنی لوریئل کے مطابق ۲۰۲۶ءکی پہلی ششماہی کے دوران ہندوستان میں اس کے کاروبار کی رفتار میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نکولس ہیرونیمس نے ہندوستان کوخصوصی طور پر نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ جون سہ ماہی میں ہندوستان میں کاروبار کی رفتار۷۰؍فیصد سے زیادہ رہی، جو مارکیٹ کی رفتار سے بھی آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ای کامرس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اور کمپنی اس شعبے میں اپنی کارکردگی بہتر بنا رہی ہے۔
برطانوی ایف ایم سی جی کمپنی ریکٹ، جو ڈیٹول، ڈیوریکس، ہارپک اور ویٹ جیسے برانڈس کی مالک ہے، نے بھی جون سہ ماہی میں ہندوستان میں اپنی شرح نمو میں اضافہ کا حوالہ دیا ہے جبکہ یونی لیور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرنانڈو فرنانڈیز نے ہندوستان کو کمپنی کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی ہندوستانی بازار میں اپنی قائدانہ کی پوزیشن کو مزید تقویت پہنچانے کیلئے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔
یونی لیور کی ہندوستانی اکائی ’’ہندوستان یونی لیور لمیٹڈ‘ نے جون سہ ماہی میں حجم کے لحاظ سے ۵؍ فیصد بنیادی ترقی اور ٹیکس سے قبل آمدنی میں ۱۱؍ فیصد اضافہ رپورٹ کیا ہے۔ کمپنی کی آمدنی سالانہ بنیاد پر۱۰؍ فیصد بڑھ کر۱۷؍ ہزار ۱۸۴؍ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔سوئزر لینڈ کی فوڈ اینڈ بیوریجز کمپنی نیسلے نے کہا کہ ہندوستان بدستور اس کی ترقی کا ایک مضبوط محرک ہے ۔نیسلے انڈیا نے جون سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر۴۸ء۲۶؍ فیصد اضافے کے ساتھ۹۵۸ء۶۸؍ کروڑ روپے منافع رپورٹ کیا ہے جبکہ اس کی فروخت۲۵ء۴؍ فیصد بڑھی ہے۔ کوکا کولا نے بھی ہندوستان کیلئے کاروبار میں طویل مدتی اضافہ کی حکمت عملی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں کم قیمت اور پریمیم دونوں شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اسی طرح پیپسی کو نے بھی کہا کہ۲۶ءکی دوسری سہ ماہی میں ہندوستان میں اس کی مصنوعات کے کاروبار میں اضافہ نے کمپنی کی مجموعی آمدنی بڑھانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔