ویبھو چوہان نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ معاملے کے سبب اسے کئی دنوں سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
EPAPER
Updated: November 07, 2026, 5:04 PM IST | Agency | Beed
ویبھو چوہان نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ معاملے کے سبب اسے کئی دنوں سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
ضلع کے نوگن راجوری گاؤں کے رہنے والے نوجوان ویبھو چوہان کی لاش امام پور شیوار میں مشتبہ حالت میں پائی گئی۔ ویبھو نے کھلاڑی ہونے کے فرضی سرٹیفکیٹس پیش کرکے سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے امیدواروں کے ایک بڑے ریکٹ کا انکشاف کیا تھا۔
ویبھو کے اہل خانہ نے سازش کے تحت قتل کئے جانے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ گھوٹالے کا پردہ فاش ہونے کے بعد سے ویبھو کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس نے دھمکی دینے والوں کے نام اور ان کی آڈیو ریکارڈنگ بھی محفوظ کر رکھی تھی۔
ویبھو چوہان کراٹے کا ایک بہترین کھلاڑی تھا اور اس کے پاس ریاستی اور قومی سطح کے مقابلوں کے سرٹیفکیٹس بھی موجود تھے۔ اس نے۲۵۔۲۰۲۴ء میں عثمان آباد (دھاراشیو) پولیس بھرتی کے لئے کھلاڑیوں کے کوٹے سے درخواست دی تھی۔ ویبھو ویٹنگ لسٹ میں تھا، اسی دوران اس سے کم نمبر حاصل کرنے والے ناگناتھ وشنو سابلے نامی امیدوار نے مبینہ طور پر فرضی سرٹیفکیٹ پیش کرکے پولیس میں ملازمت حاصل کرلی تھی۔ اس معاملے کی مسلسل پیروی کرتے ہوئے ویبھو نے پونے کے بالے واڑی میں واقع اسپورٹس کمشنریٹ میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس کی شکایت کے بعد ریاست میں فرضی کھلاڑیوں کا ایک بڑا ریکٹ بے نقاب ہوا تھا۔
اس معاملے میں ریاست کے۱۴؍ پولیس اہلکاروں سمیت کھیلوں کے محکمے کے بعض افسران کو بھی معطل کیا گیا تھا۔ اسکے علاوہ فرضی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والی کراش اسوسی ایشن کے صدر اور سیکریٹری کو پونے کرائم برانچ نے ستمبر۲۰۲۶ء میں گرفتار کیا تھا۔ کارروائی کے بعد سے ویبھو چوہان کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس نے اپنی اور اپنے دوست کی جان کو خطرہ ہونے سے متعلق ایک آڈیو ریکارڈنگ اپنے دوست کو بھیجی تھی۔