Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: کوالیفائر۲؍ کے سخت مقابلے کیلئے ممبئی اور پنجاب آمنے سامنے

Updated: June 01, 2025, 5:21 PM IST | Ahmedabad

نریندر مودی اسٹیڈیم میں آج پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینس انڈین پریمیر لیگ ۲۰۲۵ء کے فائنل میں جگہ بنانے کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دیں گے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتوارکو پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینس ایک لاکھ سے زائد شائقین کے سامنے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کے فائنل میں جگہ بنانے کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کوالیفائر۲؍ کا سنسنی خیز مقابلہ شام ساڑھے ۷؍ بجے سے کھیلا جائے گا۔ 
۵؍ بار کی آئی پی ایل چمپئن ممبئی کو موجودہ سیزن میں رفتار میں آنے میں وقت لگا، لیکن بیٹنگ کی گہرائی اور جسپریت بمراہ کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی نے ٹیم کو چھٹے ٹائٹل کے قریب لا کھڑا کیا ہے۔ 
بمراہ ۶ء۳۶؍ کی شانداراکنامی کے ساتھ۱۸؍ وکٹ لے کر اچھے فارم میں ہیں اور ان کی یہ طاقت اتوار کی رات کوالیفائر۲؍میں فرق پیدا کر سکتی ہے۔ ممبئی نے ایلی مینیٹر میں گجرات ٹائٹنس پر۲۰؍ رن کی شاندار فتح کے بعد اس میچ میں برتری حاصل کی ہے۔ ہاردک پانڈیا کی قیادت میں موجودہ یونٹ کی بیٹنگ لائن اپ شاندار ہے۔ روہت شرما نے صحیح وقت پر فارم حاصل کی اور۵۰؍ گیندوں پر۸۱؍ رن بنائے، جبکہ ول جیکس کے متبادل کے طور پر آنے والے جونی بیریسٹو نے۲۲؍ گیندوں پر۴۷؍ رن بنا کر شروعات میں ہی رفتار حاصل کرلی۔ اس دوران سوریہ کمار یادو نے ۱۶۷ء۸۳؍ کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے ۶۷۳؍ رن بنا ئے۔ 
مڈل آرڈر میں تلک ورما، ہاردک، اور نمن دھیر مضبوطی فراہم کرتے ہیں جبکہ دیپک چاہر گیند سے ابتدائی برتری حاصل کرنے کیلئے امپیکٹ پلیئر کی شکل میں آ سکتے ہیں۔ بمراہ کی درست گیند بازی اور نئی گیند سے ٹرینٹ بولٹ کی سوئنگ ممبئی کی طاقت ہے۔ تاہم ممبئی اپنے چوتھے گیند بازی متبادل کے حوالے سے محتاط رہے گاکیونکہ پچھلے میچ میں رچرڈ گلیسن نے مایوس کیا تھا۔ 
دوسری جانب، پنجاب کی ٹیم نئے زخموں سے نکل رہی ہے۔ مسلسل اچھے پرفارمنس کے بعد کوالیفائر وَن میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف ان کی ہار چونکا دینے والی تھی تاہم، پچھلی ہار کو بھلا کر پنجاب کو اتوار کو اس میدان پر اترنا ہوگا جہاں پلے آف کا تجربہ نہ ہونا اور اسکور بورڈ کا دباؤ ٹیموں کو مکمل طور پر مشکل میں ڈال سکتا ہے۔ پنجاب کے پاس میچ جتانے والے کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے۔ پربھسمرن سنگھ(۵۱۷) اور پریانش آریہ(۴۳۱) نے لیگ کی سب سے سنسنی خیز نوجوان اوپننگ جوڑیوں میں سے ایک بنائی ہے جبکہ کپتان شریس ایّر نے مڈل آرڈر میں ۵۱۶؍ رن بنا کر اپنی خاص شناخت بنائی ہے تاہم انہیں اور بھی بہت کچھ درکار ہوگا۔ جوش انگلس، مارکس اسٹوئنس اور ششانک سنگھ کو موقع کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔ 
لیگ مرحلے میں ایم آئی کے خلاف انگلس کی ۷۳؍ رن کی دھماکہ خیز اننگز سب کو یاد ہوگی۔ اب اسے دُہرانا سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ عرشدیپ سنگھ کی قیادت میں پنجاب کے گیند باز مخالف ٹیم کو کم اسکور پر روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔ کائل جیمیسن نے پچھلے میچ میں شاندار کارکردگی پیش کی تھی، لیکن یزویندر چہل کی غیر موجودگی اب بھی محسوس ہورہی ہے۔ اگر ہرپریت برار اور عظمت اللہ عمرزئی ڈٹ کر مقابلہ کریں تو پنجاب ایک بار پھر اپ سیٹ کر سکتا ہے۔ 
خیال رہے کہ ممبئی نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف ملان پور گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ایلی مینیٹر میچ میں ۲۰؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔ روہت شرما کے۸۱؍ اور بولٹ کے ۲؍ وکٹ نے ممبئی کی اس جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پنجاب کنگز، جو کوالیفائر وَن میں آر سی بی سے بری طرح سے ہار گئی تھی، ممبئی کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK