Inquilab Logo

راجستھان کے رائلز پر چنئی کے سپرکنگز بھاری

Updated: May 13, 2024, 10:25 AM IST | Chennai

آئی پی ایل میں چنئی سپرکنگز نے ۵؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ پلیئر آف دی میچ سمرجیت سنگھ نے ۳؍وکٹ لئے۔

Chennai Super Kings team. Photo: INN.
چنئی سپر کنگر کی ٹیم۔ تصویر: آئی این این۔

کپتان رتوراج گائیکواڑ کی ناٹ آؤٹ ۴۲؍رن کی صبر آزما اننگز اور سمرجیت سنگھ اور تشار دیشپانڈے کی عمدہ گیند بازی کی بدولت چنئی سپر کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۶۱؍ویں میچ میں راجستھان رائلز کو ۵؍ وکٹ سے اتوار کو شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی چنئی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ میچ میں ۳؍وکٹ لینے والے سمرجیت کو پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ 
۱۴۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری چنئی سپر کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ۱۸؍رن کے اسکور پر رویندر راچن کو آؤٹ کر کے راجستھان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ۸؍ویں اوور میں یزویندر چہل نے ڈیرل مشیل کو۱۳؍ گیندوں پر۲۲؍  رن پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ معین علی ۱۰، شیوم دوبے ۱۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رویندر جڈیجا کو ۱۶؍ویں اوور میں میدان میں رکاوٹ ڈالنے پر آؤٹ قرار دیا گیا۔ رتوراج گائیکواڑ نے کپتانی کی اننگز کھیلتے ہوئے۴۱؍ گیندوں پر ایک چوکا اور۲؍ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۴۲؍ رن بنائے۔ سمیر رضوی ۸؍ گیندوں پر۱۵؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ چنئی نے۱۸ء۲؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۴۵؍ رن بنائے اور میچ ۵؍ وکٹ سے جیت لیا۔ راجستھان کیلئے آر اشون نے ۲؍ وکٹ لیے۔ ناندرے برجر اور یزویندر چہل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل ریان پراگ ناٹ آؤٹ (۴۸؍رن) اور دھرو جوریل (۲۸؍رن) کی بنیاد پر راجستھان رائلز نے چنئی سپر کنگز کو جیت کیلئے ۱۴۲؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ اتوار کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ یشسوی جیسوال اور جوس بٹلر کی اوپننگ جوڑی نے سست آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لئے ۴۶؍ رن جوڑے۔ ساتویں اوور میں سمرجیت سنگھ نے یشسوی جیسوال کو رتوراج گائیکواڑ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر چنئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ جیسوال نے ۲۱؍گیندوں پر۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۲۴؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ۹؍ویں اوور میں سمرجیت سنگھ نے جوس بٹلر کو بھی پویلین بھیج دیا۔ بٹلر نے ۲۵؍گیندوں پر۲۱؍ رن بنائے۔ کپتان سنجو سیمسن (۱۵؍رن) اور دھرو (۲۸؍رن) آؤٹ ہوئے۔ دھرو نے اپنی اننگز میں ایک چوکا اور ۲؍ چھکے لگائے۔ راجستھان رائلز کے ریان پراگ نے ۳۵؍ گیندوں پر سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ اننگز (۴۷؍رن) اسکور کی، جس میں ایک چوکا اور ۳؍ چھکے شامل تھے۔ راجستھان نے مقررہ۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۴۱؍  رن بنائے۔ چنئی کی جانب سے سمرجیت سنگھ نے ۳؍ وکٹ لئے۔ تشار دیشپانڈے نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK